Category: انٹرنیشنل نیوز

  • ہنی مون کے بعد جھگڑے، نوبیاہتا جوڑے نے خودکشی کرلی

    بھارت(بولونیوز)بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلور میں نوبیاہتا جوڑے نے ہنی مون سے واپسی کے بعد گھریلو جھگڑے کے باعث اپنی جان دے دی۔

    36 سالہ سورج شیوانا نے ہفتے کے روز ناگپور کے وارڈھا روڈ پر واقع ہوٹل کے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ یہ واقعہ اس کی 26 سالہ اہلیہ گنوی کی خودکشی کے صرف دو دن بعد پیش آیا۔

    ذرائع کے مطابق جوڑے کی شادی 29 اکتوبر کو بنگلور میں ہوئی تھی اور وہ ہنی مون کے لیے سری لنکا گئے تھے۔ تاہم مبینہ گھریلو تنازع کے باعث دونوں نے ہنی مون ادھورا چھوڑ کر واپس آنا پڑا، اور واپسی کے بعد یہ افسوسناک واقعات پیش آئے۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ خودکشی کی وجوہات اور دیگر ممکنہ عوامل کا جائزہ لیا جا سکے۔

  • متحدہ عرب امارات: گرد و غبار کے طوفان کی پیش گوئی، شہریوں اور ڈرائیورز کے لیے ہدایات جاری

    متحدہ عرب امارات(بولونیوز)نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) نے گرد و غبار کے طوفان کے خدشے کے پیش نظر عوام اور خاص طور پر گاڑی چلانے والوں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    این سی ایم نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں تیز ہوائیں حدِ نگاہ کو متاثر کر سکتی ہیں، جس کے باعث ڈرائیونگ کے دوران خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرد آلود موسم میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور گھروں اور عمارتوں کے دروازے و کھڑکیاں بند رکھیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ موسم سے متعلق تازہ ترین معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائیں۔

    رپورٹس کے مطابق این سی ایم نے سمندر کے کنارے جانے والوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث سمندر میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے، خاص طور پر بحیرہ عمان میں حالات زیادہ خراب ہو سکتے ہیں۔

    شہریوں اور ڈرائیورز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔

  • نیوجرسی میں دو ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرا کر تباہ

    نیوجرسی(بولونیوز)امریکا کی ریاست نیوجرسی میں پیش آنے والے ایک فضائی حادثے میں دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، جس کے باعث ایک شخص ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دو ہیلی کاپٹرز کے حادثے کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بیسن روڈ کے علاقے میں دو ہیلی کاپٹروں کے درمیان تصادم ہوا ہے، حادثے کے بعد ایک ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی۔ پولیس نے حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والے شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا جس کی حالت تشویشناک ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں پائلٹ کے علاوہ کوئی اور موجود نہیں تھا۔

  • 20 روپے کے تنازع پر میاں بیوی کی ہلاکت، شوہر نے خودکشی کر لی

    دہلی(بولونیوز)بھارت کی راجدھانی دہلی میں ایک انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں صرف 20 روپے کے تنازع نے ایک ہنستا بستا گھر اجاڑ کر رکھ دیا اور میاں بیوی کی جان لے لی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ خاتون مہندر کور (45 سال) اور شوہر کلونت سنگھ (48 سال) کے درمیان 20 روپے کے لیے تنازع اتنا بڑھ گیا کہ کلونت نے بیوی کو چھت پر لے جا کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں، پولیس کی موجودگی سے خوفزدہ ہو کر کلونت نے ریلوے اسٹیشن پر چلتی ٹرین کے آگے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ خاتون کے دیور کی شکایت پر موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے لی گئی اور اسپتال منتقل کی گئی، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد قتل کی تصدیق ہوئی۔

    بتایا گیا ہے کہ یہ جوڑا حال ہی میں اپنی بیٹی کی شادی کے بعد اس کے میکے آمد پر استقبال کی تیاری کر رہا تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ اچانک پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی تفصیلی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    اس دل دہلا دینے والے واقعے نے اس بات کی یاد دہانی کرائی کہ بعض اوقات معمولی تنازعات بھی شدید نتائج کا سبب بن سکتے ہیں۔

  • عالمی شہرت یافتہ باکسر انتھونی کی گاڑی کو حادثہ، 2 افراد ہلاک

    نائیجیریا(بولونیوز)برطانوی ہیوی ویٹ باکسر انتھونی جوشوا پیر کے روز نائیجیریا میں ایک کار حادثے کا شکار ہو گئے، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور جوشوا زخمی ہوئے۔

    بی بی سی کے مطابق مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جوشوا کو معمولی زخموں کے ساتھ اسپتال منتقل کیا گیا اور وہ فی الحال “ٹھیک” ہیں۔ حادثہ اوگن، لاگوس اسٹیٹ ایکسپریس وے پر پیش آیا جب جوشوا کی گاڑی دوسری کار سے ٹکرائی۔

    حادثے میں کل پانچ بالغ افراد شامل تھے جن میں انتھونی جوشوا بھی شامل ہیں، اور نائیجیریا کے روڈ سیفٹی حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    36 سالہ انتھونی جوشوا برطانیہ میں پیدا ہوئے اور ان کی خاندانی جڑیں نائیجیریا کے اوگن ریاست کے قصبے ساگامو میں ہیں۔

  • جمعہ کی نماز کے دوران مسجد میں دھماکا، 5 افراد جاں بحق اور 21 زخمی

    شام(بولونیوز)حمص میں واقع علوی اکثریتی علاقے کی ایک مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہو گئے۔

    مقامی حکام کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شامی سرکاری میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز نے واقعے کے فوراً بعد مسجد اور آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے پس منظر کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ اس واقعے کی مکمل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

  • سعودی عرب، ایک ماہ میں 11.9 ملین سے زائد زائرین نے عمرہ ادا کیا

    سعودی عرب(بولونیوز) مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’ایک ماہ (جمادی لاآخر1447) میں مقدس مساجد میں نمازیوں اور زائرین کی مجموعی تعداد 68.7 ملین رہی۔ جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 2.1 ملین زیادہ ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں نمازیوں اور زائرین کی تعداد 30 ملین سے زیادہ رہی جبکہ 11.9 ملین افراد نے عمرہ ادا کیا، 94 ہزار سے زیادہ افراد نے حجر اسماعیل(الحطیم) میں نماز ادا کی۔

    اعداد وشمار کے مطابق ایک ماہ میں بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 1.7 ملین سے زیادہ رہی۔ ان کا تعلق مختلف ممالک سے تھا۔

    عمرہ زائرین کی آمد میں اضافہ سعودی عرب کی مستقل کوششوں کا حصہ ہے تاکہ حج و عمرہ کے نظام کو بہتر بنایا اور وژن 2030 کے اہداف حاصل کیے جائیں۔

    اس میں دنیا کے مختلف حصوں سے مسلمانوں کو حرمین شریفین تک آسان رسائی فراہم کرنا۔ معتمرین کے لیے سفر کے آغاز سے واپسی تک ایک مکمل روحانی اور آرام دہ تجربہ یقینی بنانا شامل ہے۔

  • انتہا پسندوں کے کرسمس تقریبات پر حملے، گرجا گھروں میں گھس گئے

    دہلی(بولونیوز)بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے کرسمس کی تقریبات پر حملے کر کے سجاوٹیں توڑ ڈالیں اور گرجا گھروں میں گھس کر دھمکیاں دیں۔

    کل دنیا بھر میں مسیحی برادری نے اپنا مذہبی تہوار کرسمس منایا۔ تاہم بھارت میں ہندو انتہا پسندوں نے اقلیتوں کے خلاف انتہا پسندی کی تمام حدیں توڑ دیں اور مسیحی برادری کو کرسمس بھی سکون سے نہیں منانے دیا۔

    بجرنگ دل کے انتہا پسند جتھوں نے گرجا گھروں میں گھس کر ان کی عبادات میں مداخلت کی اور سنگین دھمکیاں دیں۔ شاپنگ مالز، عیسائی آبادیوں اور دیگر مقامات پر مسیحی برادری کی جانب سے لگائے جانے والے کرسمس ٹری اور سجاوٹیں تباہ کر دی گئیں۔

    مدھیہ پردیش کے ایک چرچ کے باہر توڑ پھوڑ کی گئی اور خوشیاں مناتے مسیحی افراد کو ہراساں کرنے کے لیے غنڈوں نے انتہا پسندی پر مبنی دھمکی آمیز نعرے لگائے۔

    ایک جتھے نے آسام کے ایک اسکول پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی اور کرسمس کی سجاوٹی اشیا کو آگ لگا دی۔ چھتیس گڑھ میں شاپنگ مال کے باہر کرسمس فلوٹ کو تباہ کر دیا گیا۔

    اس کے علاوہ اتر پردیش، اڑیسہ، چندی گڑھ، کیرالہ سمیت دیگر ریاستوں میں سینکڑوں مقامات پر حملے کر کے کرسمس تقریبات کے رنگ میں بھنگ ڈالا گیا۔

  • گجرات میں زلزلہ، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے

    نئی دہلی(بولونیوز)بھارتی ریاست گجرات کے مختلف علاقوں میں آج صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر کی گہرائی میں بتایا گیا ہے، ابتدائی رپورٹوں کے مطابق ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کا کہنا ہے کہ زلزلہ علی الصبح تقریباً 4:30 بجے آیا۔ چونکہ زلزلے کی گہرائی کم تھی اس لیے شدت کم ہونے کے باوجود جھٹکے واضح طور پر محسوس ہوئے۔ کئی علاقوں میں لوگ نیند سے جاگے اور احتیاطاً اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    مقامی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کسی بھی ہنگامی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔

    ماہرین کے مطابق، گجرات کا کچھ حصہ زلزلہ کے حوالے سے نہایت حساس ہے۔ یہ خطہ زلزلہ زون 5 میں شامل ہے جو بھارت کا سب سے زیادہ خطرناک اور بلند خطرے والا زون شمار کیا جاتا ہے۔

  • غیر ملکی افراد کی رہائش اور وزٹ ویزا سے متعلق نئے ضوابط کا اعلان

    کویت(بولونیوز)کویت کی وزارت داخلہ نے ملک میں غیر ملکی افراد کی رہائش اور وزٹ ویزا سے متعلق نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے۔

    کویت کی وزارت داخلہ نے ملک میں داخلے، رہائش اور وزٹ ویزا سے متعلق نئے ضوابط متعارف کراتے ہوئے غیر ملکیوں کی رہائش کے حوالے سے نئے انتظامی ضوابط کے تحت داخلے اور وزٹ ویزوں کی ماہانہ فیس 10 کویتی دینار مقرر کی ہے، اور اس کا نفاذ 23 دسمبر 2025 سے ہوچکا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کویتی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ قانون نمبر 116/2013 کے تحت ملک میں آنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے داخلہ اور رہائشی ویزے کویت کی براہ راست سرمایہ کاری پروموشن اتھارٹی (KDIPA) کی درخواست پر جاری کیے جاتے ہیں۔

    قواعد و ضوابط کے تحت، اہل غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے عام رہائشی اجازت نامے 15 سال تک کے لیے دیے جا سکتے ہیں، جو وزرا کونسل کے مقرر کردہ اصولوں کے مطابق ہیں۔ اس طرح کے اجازت نامے KDIPA کی جانب سے ایک سرکاری درخواست کی بنیاد پر جاری کیے جاتے ہیں جس میں اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ درخواست گزار مطلوبہ شرائط کو پورا کرتا ہے۔

    ایگزیکٹو ریگولیشنز غیر ملکی شہریوں کی پیدائش کے اندراج کے لیے چار ماہ کی رعایتی مدت بھی متعارف کراتے ہیں۔ اس مدت کے بعد جرمانے عائد کیے جائیں گے، جو پہلے مہینے کے دوران 2 کویتی دینار یومیہ سے شروع ہوں گے اور اس کے بعد 4 کویتی دینار یومیہ تک بڑھ جائیں گے۔

    اس قانون میں گھریلو ملازمین سے متعلق نئی دفعات کا بھی خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ ضوابط میں کہا گیا ہے کہ گھریلو ملازمین کی عمر کم از کم 21 سال اور 60 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ داخلے کے اجازت نامے آجر کی درخواست پر اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے تعاون سے جاری کیے جاتے ہیں۔

    آرٹیکل 20 کے تحت رہائشی پرمٹ رکھنے والے گھریلو ملازمین کو زیادہ سے زیادہ چار ماہ تک کویت سے باہر رہنے کی اجازت ہے۔ اس مدت کے بعد ان کی رہائش ختم ہو جائے گی، جب تک کہ کفیل غیر حاضری کے اجازت نامے کے لیے درخواست جمع نہ کرائے۔ تاہم یہ قاعدہ ان گھریلو ملازمین پر لاگو نہیں ہوتا جو ضوابط کے نافذ ہونے سے پہلے ملک چھوڑ گئے تھے۔

    وزارت داخلہ نے کہا کہ تازہ ترین اقدامات کا مقصد کویت کے رہائشی نظام کے تحت سرمایہ کاروں، رہائشیوں اور آجروں کے لیے واضح فریم ورک فراہم کرتے ہوئے رہائش کے طریقہ کار کو منظم کرنا، ذمہ داریوں کو واضح کرنا اور فیس کو معیاری بنانا ہے۔