Category: انٹرنیشنل نیوز

  • ایران میں مہنگائی کے خلاف احتجاج، جھڑپوں میں 35 افراد ہلاک، 1200 گرفتار

    تہران(بولونیوز)ایران میں مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں شدید کمی کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران اب تک 35 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ احتجاج کا سلسلہ گزشتہ 10 روز سے ملک کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔

    تہران، شیراز اور مغربی علاقوں میں مظاہرے ہوئے، جن میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مظاہروں کے دوران تقریباً 1200 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    احتجاج کے دوران تقریباً 250 پولیس اہلکار اور بسیج فورس کے 45 ارکان زخمی ہوئے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور تشدد کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایران میں مہنگائی، بے روزگاری اور کرنسی کی قدر میں کمی کے خلاف عوام کی ناراضگی کے باعث مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، اور حکومت نے کئی شہروں میں سکیورٹی سخت کر دی ہے۔

  • نیپال کے شہر برگنج میں ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے مسجد پر حملہ، حالات شدید کشیدہ، کرفیو نافذ

    کٹھمنڈو(بولونیوز)نیپال اور بھارت کی سرحد سے متصل شہر برگنج میں ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے مسجد میں توڑ پھوڑ، لوٹ مار اور مسلمانوں کی املاک پر حملوں کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔

    واقعے کے بعد مقامی مسلمانوں نے مسجد کی بے حرمتی کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔

    حکام نے دارالحکومت کٹھمنڈو سے 130 کلومیٹر جنوب میں واقع اس سرحدی شہر میں صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے کرفیو نافذ کر دیا۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق شہریوں کو سڑکوں پر نکلنے، اجتماعات یا مظاہروں کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کو فائرنگ کے اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں۔

    حکام کے مطابق اتوار کے روز ہندو انتہاپسند عناصر نے مسجد پر دھاوا بولا اور لوٹ مار کی جس کے بعد مقامی مسلمان شدید غم و غصے کا شکار ہیں۔

    شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارت کے قریب اس سرحدی علاقے میں انتہاپسند نظریات کی سرحد پار حمایت کی صورت حال کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اور یہ صورتحال خطے میں مزید کشیدگی پیدا کر سکتی ہے۔

  • وینیزویلا کی عبوری حکومت اعلیٰ معیار کا تیل امریکہ کو فراہم کرے گی

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وینیزویلا کی عبوری حکومت نے 3 سے 5 کروڑ بیرل اعلیٰ معیار کا تیل امریکہ کو دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

    صدر ٹرمپ کے مطابق یہ تیل مارکیٹ قیمت پر فروخت کیا جائے گا، جبکہ اس فروخت سے حاصل ہونے والی رقم وینیزویلا اور امریکہ کے عوام کے فائدے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم کے استعمال کی نگرانی بطور صدر وہ خود کریں گے۔

    امریکی صدر کے اس بیان کو دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور معاشی معاملات کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم وینیزویلا کی جانب سے اس حوالے سے تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

  • اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں وینزویلا کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر ہنگامی اجلاس،

    نیویارک(بولونیوز) اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے وینزویلا کی بگڑتی ہوئی سیاسی اور سماجی صورتحال پر ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں رکن ممالک نے خطے کے امن و استحکام پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ سامنے آیا۔

    چین کے مندوب نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے امریکہ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ امریکی اقدامات نے لاطینی امریکہ اور کریبیئن خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ چینی مندوب نے امریکی اقدامات کو “غنڈہ گردی” قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی اور زور دیا کہ کسی بھی خودمختار ریاست کے اندرونی معاملات میں مداخلت اقوامِ متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    چین نے کہا کہ وینزویلا کے مسئلے کا حل طاقت یا دباؤ کے ذریعے نہیں بلکہ سیاسی مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔ اجلاس میں شریک دیگر ممالک نے بھی فریقین پر تحمل کا مظاہرہ کرنے، کشیدگی کم کرنے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنے کی اپیل کی۔

  • امریکی نائب صدر کے گھر پر حملہ، ملزم گرفتار

    واشنگٹن(بولونیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے گھر کی کھڑکیاں توڑنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    امریکی سیکرٹ سروس کے مطابق ملزم کو فوری طور پر حراست میں لیا گیا، تاہم حراست میں لیے گئے شخص کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ حملے کی وجوہات اور ممکنہ معاونین کا تعین کیا جا سکے۔

  • دبئی پولیس نے جعلی ورک ویزا اسکیمز سے خبردار کیا، عوام سے محتاط رہنے کی اپیل

    دبئی(بولونیوز) دبئی پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ جعلی ورک ویزا اسکیمز اور ویزا فراڈ کے جال میں نہ پھنسیں۔ کرمنل انویسٹی گیشن کے اینٹی فراڈ سینٹر نے بیان میں کہا کہ “ویزے کی فراڈ آفرز” کے ذریعے افراد سے پیسہ بٹورا جا رہا ہے، اور اس قسم کے دھوکہ دہی کے طریقوں سے بچنے کے لیے انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

    دبئی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلی ویزا اسپانسرشپ کے جھوٹے وعدے کرنے والوں سے ہوشیار رہیں۔ پولیس کے مطابق اس وقت بڑی تعداد میں فراڈیے روزگار کے لالچ میں لوگوں سے پیسہ بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ ان کی پیشکشوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

    دبئی پولیس نے واضح کیا ہے کہ دبئی میں نوکری صرف سرکاری چینلز اور قانونی طور پر لائسنس یافتہ ریکروٹمنٹ اداروں کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے، اور کوئی غیر قانونی یا غیر مستند ذریعہ قابل اعتماد نہیں ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے پیسے اور وقت کی حفاظت کے لیے صرف قانونی ذرائع پر بھروسہ کریں۔

  • وینزویلا کے صدرکا امریکی عدالت میں الزامات تسلیم کرنے سے انکار، کہتے ہیں “مجھے اغوا کیا گیا”

    نیویارک (بولونیوز) وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکی عدالت میں اپنے خلاف عائد منشیات اور دہشت گردی کے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بے گناہ ہیں اور انہیں اغوا کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مادورو اور ان کی اہلیہ کو بروکلن سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے مین ہیٹن لایا گیا، جہاں انہیں بکتر بند گاڑی میں عدالت منتقل کیا گیا۔ مادورو کو قیدیوں کا یونیفارم پہنا کر اور ہتھکڑیوں میں جکڑ کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالتی کارروائی کو ہسپانوی زبان میں سمجھنے کے لیے انہوں نے ہیڈفون بھی پہن رکھے تھے۔

    وفاقی عدالت کے جج نے مادورو سے اپنی شناخت بتانے کو کہا، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ وینزویلا کے صدر ہیں۔ جج نے مادورو کے خلاف منشیات اور دہشت گردی سمیت دیگر الزامات پڑھ کر سنائے، تاہم مادورو نے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا، “میں اب بھی اپنے ملک کا صدر اور مہذب انسان ہوں، مجھے اغوا کیا گیا ہے اور ان الزامات میں سے کسی کا بھی میں قصوروار نہیں ہوں۔”

    مادورو کی اہلیہ نے بھی اپنی بے گناہی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بے قصور ہیں۔

    عدالت نے مقدمے کی سماعت کے لیے 17 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے اور مادورو اور ان کی اہلیہ کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

  • وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شنگھائی سپشل پولیس فورس بیورو کا دورہ

    شنگھائی(بولونیوز) وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی چین کے دورے کے پہلے مرحلے میں شنگھائی پہنچ گئے۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ نے شنگھائی سپشل پولیس فورس بیورو کا دورہ کیا، جہاں چیف آف کمانڈنگ سنٹر سپشل پولیس فورس بیورو مسٹر ژیاو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو شنگھائی سپشل پولیس فورس بیورو کے ڈھانچے، فرائض اور جدید آپریشنل نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ نے فورس کے زیرِ استعمال اے پی سی، بم ڈسپوزل یونٹ کے آلات اور جدید اسلحے کا معائنہ کیا، جبکہ جدید ترین واٹر کینن اور دیگر آلات بھی دیکھے۔

    محسن نقوی نے شنگھائی سپشل پولیس فورس کی جانب سے پیش کی گئی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کے عملی مظاہرے بھی ملاحظہ کیے، جن میں مارشل آرٹس کے شاندار مظاہرے شامل تھے۔ وزیر داخلہ نے شنگھائی سپشل پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس کی تربیت کا اعلیٰ معیار قابلِ تحسین ہے۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شنگھائی سپشل پولیس فورس اور اسلام آباد پولیس فورس کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ جدید تربیت اور تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

    دورے کے دوران وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔

  • وینزویلا کے سیاسی بحران کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

    سنگاپور(بولونیوز) وینزویلا میں پیدا ہونے والے شدید سیاسی و عسکری بحران کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 60.37 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہوا۔

    ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 0.70 فیصد کمی واقع ہوئی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت 56.92 ڈالر تک گر گئی۔

    واضح رہے کہ امریکی فوج کی جانب سے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس سمیت مختلف مقامات پر حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔ رپورٹس کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرکے امریکا منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دارالحکومت کاراکس میں کم از کم سات دھماکے ہوئے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں جنگی طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ وینزویلا میں ان حملوں کا حکم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا۔

    سیاسی عدم استحکام اور فوجی کارروائیوں کے باعث عالمی منڈی میں سرمایہ کاروں میں بے چینی پائی جاتی ہے، جس کا براہِ راست اثر تیل کی قیمتوں پر پڑا ہے۔

  • پولیس اہلکار کو صرف 2 ہزار روپے کی رشوت لینے پر 4 سال قید کی سزا

    مدھیہ پردیش بھارت(بولونیوز)رشوت لینے والا پولیس اہلکار بھاری سزا کا مستحق ٹھہرا، جہاں دو ہزار روپے کی معمولی رشوت لینے پر کانسٹیبل وویک ساہو کو چار سال قید کی سزا سنائی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وویک ساہو نے چیک باؤنس کیس میں دیوی سنگھ نامی شخص کو گرفتار کرنے کی دھمکی دے کر رشوت طلب کی تھی۔ متاثرہ شخص نے لوک آیکت (مقامی شکایتی ادارے) سے شکایت درج کرائی، جس کے بعد اہلکار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

    ابتدائی طور پر ٹرائل کورٹ نے انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت وویک ساہو کو چار سال قید کی سزا سنائی تھی، جسے ملزم نے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔ تاہم عدالت عالیہ نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ملزم کے ضمانتی مچلکے منسوخ کر دیے اور اسے چار سال کے لیے جیل بھیج دیا۔

    یہ معاملہ ثابت کرتا ہے کہ رشوت جیسے مکروہ فعل کا انجام کتنی بھی معمولی رقم کیوں نہ ہو، شدید سزا کا سبب بن سکتا ہے۔