Category: انٹرنیشنل نیوز

  • مسجد کے قریب حملوں میں 5 افراد زخمی، پولیس نے انسدادِ دہشتگردی یونٹ طلب کر لیا

    ایڈنبرا(بولونیوز)ایڈنبرا میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے مبینہ واقعات کے بعد پولیس نے انسدادِ دہشتگردی یونٹ کو تحقیقات میں شامل کر لیا ہے۔ ان حملوں میں مجموعی طور پر 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی واقعات ایڈنبرا کے علاقے سائتھل میں ایک مسجد کے قریب پیش آئے، جہاں دو افراد پر حملہ کیا گیا۔ بعد ازاں شہر کے دیگر علاقوں میں مزید تین افراد کو نشانہ بنایا گیا۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک 36 سالہ سفید فام اسکاٹش شہری کو گرفتار کر لیا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے۔حکام کے مطابق واقعے کی نوعیت اور محرکات کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ مسلمانوں میں اس واقعے کے بعد خوف و ہراس کی فضا پائی جا رہی ہے۔

  • اسرائیلی فوج میں بھرتی سے انکار پر احتجاج، گرفتاریاں جاری

    تل ابیب(بولونیوز)اسرائیل میں فوجی بھرتی سے انکار کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی سامنے آ گئے ہیں۔

    فوجی حراستی مرکز کے باہر مظاہرین نے گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ احتجاج تل ابیب سے تقریباً 30 کلومیٹر دور واقع بیت لید فوجی اڈے کے سامنے کیا گیا۔

    مظاہرین نے حکومت اور فوجی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی صورت فوج میں بھرتی نہیں ہوں گے، اور “مر جائیں گے مگر اسرائیلی فوج میں شامل نہیں ہوں گے” جیسے نعرے لگائے گئے۔

    ذرائع کے مطابق احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی بھی دیکھی گئی، جبکہ گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

  • برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا

    لندن(بولونیوز)برطانیہ کے وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیئر اسٹارمر نے بتایا کہ انہوں نے آج صبح کنگ چارلس سے ملاقات اور گفتگو کی، جس کے بعد وہ پارٹی کی خواہش پر پارٹی قیادت سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کے انتخابی عمل کی تکمیل تک وہ عبوری طور پر اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

    کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے گزشتہ دو برسوں میں معیشت کو مستحکم کیا اور ملک کے لیے بھرپور کام کیا، تاہم انہیں بارہا یہ تاثر دیا گیا کہ پارٹی کمزور ہو چکی ہے یا ختم ہونے کے قریب ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار کی منظم اور ہموار منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے اور آنے والے وزیرِ اعظم کے ساتھ مکمل طور پر کام کریں گے۔

  • ٹرمپ کو دھمکی دینا مہنگا پڑ گیا، ایرانی وفد مذاکرات چھوڑ کر روانہ

    جنیوا(بولونیوز)سوئٹزرلینڈ میں جاری امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات شدید غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئے ہیں۔ ایرانی وفد نے مذاکراتی عمل ترک کرتے ہوئے وینیو چھوڑ دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ جب تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے بیان پر معافی نہیں مانگتے، ایرانی وفد مذاکرات میں واپس نہیں آئے گا۔

    ایرانی ذرائع کے مطابق وفد نے اپنا مؤقف اختیار کیا ہے کہ دھمکی آمیز زبان اور دباؤ کے تحت کسی قسم کی بات چیت قابلِ قبول نہیں۔ ایرانی وفد کا کہنا ہے کہ باہمی احترام اور سفارتی آداب کے بغیر مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز بند کی اور یورینیم سے متعلق معاہدے پر عملدرآمد نہ کیا تو وہ “ایران سے اس کا ملک چھین لیں گے”۔ اس بیان کے بعد مذاکراتی عمل میں شدید تناؤ پیدا ہو گیا۔

    سفارتی مبصرین کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں جاری یہ مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے نہایت اہم تھے، تاہم تازہ پیش رفت کے بعد مذاکرات کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ عالمی برادری کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا دونوں فریق کشیدگی کم کر کے دوبارہ مذاکرات کی میز پر واپس آ پاتے ہیں یا نہیں۔

  • ایران کا بڑا اعلان، آبنائے ہرمز تمام بحری آمدورفت کے لیے بند

    تہران(بولونیوز)ایران کی مرکزی فوجی کمان خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو تمام بحری آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    ایرانی حکام کے مطابق یہ فیصلہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جنگ کے بعد طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی مبینہ خلاف ورزیوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔

    ہفتے کے روز جاری باضابطہ بیان میں خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے کہا کہ امریکا نے جنگ کے خاتمے کے لیے طے شدہ مفاہمتی معاہدے کی پہلی شق کی کھلی خلاف ورزی کی ہے، جبکہ اسرائیل جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

    ایرانی فوجی کمان کے مطابق قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کے تحفظ کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہو چکا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ جب تک معاہدوں کی پاسداری اور جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد یقینی نہیں بنایا جاتا، ایران اپنے فیصلے پر قائم رہے گا۔

    عالمی مبصرین کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی بحری تجارت اور تیل کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

  • امریکی وعدہ خلافی پر ایران کا سخت مؤقف، آبنائے ہرمز دوبارہ بند کرنے کا اعلان

    تہران(بولونیوز)ایران کے خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی وعدہ خلافی اور جنگ کے خاتمے کے معاہدے کے پہلے پیراگراف پر عمل نہ کرنے کے باعث آبنائے ہرمز کو ایک بار پھر جہازوں کی آمدورفت کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔

    بیان کے مطابق معاہدے کی بنیادی شقوں پر عمل درآمد نہ ہونا خطے میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے، جس کی مکمل ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

    خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کی بندش ایک دفاعی اور تزویراتی اقدام ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری یقینی بنانا اور ایران کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ جب تک معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوتا، ایران اپنے مؤقف پر قائم رہے گا۔

    سفارتی حلقوں کے مطابق آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش عالمی تجارت، خصوصاً تیل کی ترسیل، پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے، جبکہ خطے کی صورتحال پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے۔

  • ٹرمپ کا ایران اور اسرائیل سے متعلق متنازع بیان

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل سے متعلق ایک متنازع بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی بہت ذہین لوگ ہیں اور ایک طرح سے ابتدائی دور کے نابغہ سمجھے جا سکتے ہیں، تاہم وہ نہایت ہوشیار بھی ہیں۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں نہ ہوتے تو ایران، اسرائیل کو تباہ کر دیتا اور آج اسرائیل کا وجود باقی نہ رہتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی پالیسیوں اور اقدامات کے باعث اسرائیل محفوظ رہا۔

    ٹرمپ کے اس بیان کو عالمی سطح پر مختلف زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے، جبکہ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ بیان ایک بار پھر مشرقِ وسطیٰ کی حساس صورتحال کو اجاگر کرتا ہے۔ اس حوالے سے اسرائیلی یا ایرانی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

  • بھارتی فضائیہ برطانیہ سے ریٹائرڈ 9 جیگوار لڑاکا طیارے حاصل کرے گی

    نئی دہلی(بولونیوز)بھارتی فضائیہ برطانیہ سے ریٹائرڈ 9 Jaguar لڑاکا طیارے حاصل کرنے جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ اس وقت تقریباً 120 جیگوار طیارے آپریٹ کر رہی ہے اور دنیا میں اس پلیٹ فارم کی آخری فعال آپریٹر سمجھی جاتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ Jaguar لڑاکا طیاروں کی پیداوار کئی دہائیاں قبل بند ہو چکی ہے، اس لیے بھارت ماضی میں بھی فرانس، عمان اور برطانیہ سے ریٹائرڈ طیارے حاصل کرتا رہا ہے تاکہ اپنے موجودہ بیڑے کو آپریشنل رکھا جا سکے۔

    اطلاعات کے مطابق ان ریٹائرڈ طیاروں سے لینڈنگ گیئر، ہائیڈرولک سسٹمز، ایویونکس اور Rolls-Royce کے Adour انجنز سمیت اہم پرزہ جات حاصل کیے جائیں گے، جو بھارتی فضائیہ کے موجودہ جیگوار بیڑے کی دیکھ بھال اور اپ گریڈیشن میں مددگار ثابت ہوں گے۔

    ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ بھارتی فضائیہ کے جیگوار طیاروں کے ایک حصے کو جدید AESA ریڈار، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز اور جدید کاک پٹ اپ گریڈز سے لیس کیا جا چکا ہے، تاکہ ان طیاروں کی آپریشنل صلاحیت اور سروس لائف میں اضافہ کیا جا سکے۔

  • غزہ کیلئےغیرمشروط انسانی رسائی کا مطالبہ، امریکا نے حماس کو ذمہ دار ٹھہرا دیا

    اقوامِ متحدہ(بولونیوز)سلامتی کونسل کے فلسطین سے متعلق جمعرات کے اجلاس میں پاکستان، چین، برطانیہ اور روس نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل غزہ میں بلا رکاوٹ اور غیرمشروط انسانی امداد کی اجازت دے، جبکہ امریکا نے شہریوں کی تکالیف کے طول پکڑنے کا ذمہ دار حماس کو قرار دیا۔

    پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوامِ متحدہ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کی منظوری کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور غزہ میں انسانی صورتحال بدستور نہایت سنگین ہے۔ ان کے مطابق غزہ کے 90 فیصد سے زائد شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جن میں ہلاکتیں، محرومیاں، جبری نقل مکانی اور غیر یقینی مستقبل شامل ہے۔

    روس کی نائب مستقل مندوب انا ایوسٹیگنیوا نے غزہ کی صورتحال کو کم شدت کی لڑائی کے باوجود “بدتر ہوتی انسانی تباہی” قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے غزہ کے بڑے حصوں پر کنٹرول کے منصوبے مستقبل کی امن کوششوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں، اور اس بات پر زور دیا کہ انسانی امداد کو سیاسی مطالبات سے مشروط نہیں کیا جانا چاہیے۔

    چین کے اقوامِ متحدہ میں مندوب فو کونگ نے کہا کہ مغربی ایشیا میں حالیہ کشیدگی میں کمی سے غزہ سمیت دیگر علاقائی بحرانوں کے حل کی امید پیدا ہوئی ہے، تاہم زمینی حقائق اب بھی نہایت تشویشناک ہیں۔

    ادھر امریکا کی نائب مندوب ٹیمی بروس نے کہا کہ واشنگٹن غزہ میں امن کے فروغ اور تعمیرِ نو کی کوششوں کے لیے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ کام جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

  • اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 3 ہزار 980 ہو گئی، لبنانی وزارت صحت

    بیروت(بولونیوز)لبنانی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ لبنان پر اسرائیل کے جاری حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 ہزار 980 ہو گئی ہے، جبکہ 12 ہزار 11 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

    لبنانی وزارت صحت کے مطابق 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہری آبادی کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ مسلسل بمباری کے باعث اسپتالوں اور طبی مراکز پر دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے اور زخمیوں کے علاج میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

    حکام کے مطابق انسانی بحران مزید سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے حملے رکوانے اور انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔