Category: انٹرنیشنل نیوز

  • غزہ پر حملوں میں شدت، اسرائیل نے دفاعی بجٹ میں بھاری اضافہ کر دیا

    غزہ(بولونیوز) صہیونی جارحیت میں مسلسل اضافے کے ساتھ ہی اسرائیل نے اپنے فوجی اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ اسرائیلی حکومت نے سال 2026 کے لیے دفاعی بجٹ 112 ارب شیکل یعنی 34.63 ارب ڈالر مقرر کیا ہے، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔

    دوسری جانب غزہ اور مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ صہیونی فوج کی فائرنگ سے خاتون سمیت دو فلسطینی شہید جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    فلسطینی حکام نے اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے

  • کالج میں برقعہ پر پابندی کے خلاف طالبات کا احتجاج

    ممبئی(بولونیوز)بھارت کے گوریگاؤں ویسٹ کے ویویک ودیالیہ اینڈ جونیئر کالج میں برقعہ پہننے پر عائد پابندی کے خلاف احتجاج میں مزید شدت آگئی ہے۔

    گزشتہ روز بڑی تعداد میں طالبات نے کالج کے باہر بھوک ہڑتال شروع کی، جس میں مجلس ویمنز ونگ کی نائب صدر جہاں آرا شیخ بھی شریک ہوئیں اور کالج انتظامیہ سے برقع پابندی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

    جہاں آرا شیخ کا کہنا تھا کہ کالج انتظامیہ نے پہلے بات چیت کا موقع نہیں دیا اور انہیں کالج احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج مقصد نہیں تھا، بلکہ صرف یہ مطالبہ تھا کہ طالبات کی تعلیم متاثر کئے بغیر ان کے مذہبی حقوق کا احترام کیا جائے۔

    طالبات کے مطابق داخلے کے وقت انہیں برقع پابندی سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی، اس لیے پابندی کو اچانک نافذ کرنا غیر مناسب عمل ہے، نائب پرنسپل نے پرنسپل سے ملاقات کا وقت دیا تھا لیکن ملاقات کے لئے پہنچنے پر گیٹ بند کر دیئے گئے اور اندر داخل نہیں ہونے دیا۔

  • سعودی عرب کی جیلوں میں قیدیوں کے لئے بڑی سہولت کا آغاز

    سعودی عرب(بولونیوز)جیل حکام کی جانب سے جیلوں میں موبائل ڈائیلاسز یونٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔وزارتِ داخلہ نے ادارہ صحت عامہ برائے جیل خانہ جات کے تعاون سے اس سروس کا آغاز کردیا ہے۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر مملکت کا شمار ان اولین ملکوں میں ہوتا ہے جہاں جیلوں میں موبائل ڈائیلاسز کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

    ڈائیلاسز سروس کی جیلوں میں فراہمی کا مقصد گردے کے امراض میں مبتلا قیدیوں کو مناسب اور اعلیٰ معیار کی طبی خدمت کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

    اس سہولت کے باعث قیدیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے مراحل کو کم سے کم کیا جاسکے گا اور وہ باسانی اپنے مقام پر ضرورت کی طبی سہولت حاصل کرسکیں گے۔

  • ایرانی پاسدران انقلاب کی خلیج میں مشقوں کے دوران امریکی جہاز کو وارننگ

    تہران(بولونیوز)ایرانی پاسدران انقلاب نے گزشتہ روز خلیج میں شروع ہونے والی جنگی مشقوں کے سلسلے میں امریکی جہاز کو خبردار کیا ہے، یہ معاملہ حالیہ ایرانی جنگ کے پانچ ماہ بعد سامنے آیا۔

    ایران کے سرکاری ٹی وی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ بحری مشق جون کی جنگ کے بعد ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیاری کا حصہ ہیں۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹی وی نے ان مشقوں کو ایرانی پاسدران انقلاب کی قربانی اور مزاحمتی جذبے کا مظہر قرار دیا ہے۔

    خطے میں موجود امریکی جہازوں کو انتباہ جاری کر کے پاسداران بحریہ نے سخت پیغام دیا ہے۔

    پیغامات کا مواد فوری طور پر تفصیل کے ساتھ سامنے نہیں آیا ہے۔ جبکہ خلیج میں امریکی افواج نے بھی کوئی فوری تبصرہ نہیں کیا ہے۔

  • روسی صدر ولادیمیر پیوٹن دو روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے

    نئی دہلی(بولونیوز) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن دو روزہ سرکاری دورے پر بھارت پہنچ گئے۔ صدر کی آمد سے قبل مختلف بھارتی علاقوں میں منعقد کی گئی پوجا اور روایتی رسومات کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

    عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت سمیت دنیا بھر میں سوشل میڈیا صارفین ان ویڈیوز پر تبصرے کرتے نظر آئے، جن میں صدر پیوٹن کی تصاویر کے سامنے روایتی ہندو رسومات ادا کی جا رہی تھیں۔

    ریاست اتر پردیش میں ایک خصوصی پوجا کی تقریب کا ویڈیو سامنے آیا، جس میں روسی صدر کی فریم شدہ تصویر میز پر سجی ہوئی تھی، جبکہ خواتین بھجن گاتی اور تصویر کی آرتی اتارتی دکھائی دیں۔ کچھ صارفین نے اس غیر معمولی منظر پر طنزیہ یا دلچسپ تبصرے بھی کیے۔

    اسی طرح وارانسی میں بھی ایک تقریب میں دیے جلائے گئے اور وہاں “ویلکم پیوٹن” کے پیغامات آویزاں کیے گئے۔ مذہبی رسومات انجام دینے والے کچھ افراد مخصوص برتن تھامے روسی صدر کی تصویر کے سامنے پوجا کرتے دکھائی دیے۔

    صدر پیوٹن کے دورۂ بھارت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاع، توانائی اور اقتصادی تعاون سے متعلق کئی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

  • افغانستان میں قتل کے مجرم کو 80 ہزار سے زائد افراد کے سامنے سرعام سزائے موت

    کابل(بولونیوز) افغانستان میں طالبان انتظامیہ نے قتل کے ایک سنگین مقدمے میں ملوث مجرم کو صوبہ خوست کے اسٹیڈیم میں 80 ہزار سے زائد افراد کی موجودگی میں سرعام سزائے موت دے دی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق مجرم نے خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 13 افراد کو بے رحمی سے قتل کیا تھا۔ طالبان حکام کے مطابق سزا لواحقین کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی، جبکہ مقتولین کے خاندان کے 13 سالہ لڑکے نے مجرم کو گولی مار کر ہلاک کیا۔

    طالبان کی سپریم کورٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ مقتولین کے ورثا نے اسلامی قانون کے تحت مجرم کو معاف کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد اسے قصاص کے طور پر سزائے موت دی گئی۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرعام سزائے موت کو غیر انسانی، ظالمانہ اور عالمی قوانین کے منافی قرار دیا ہے۔

  • امریکا نے ویزا اسکریننگ سخت کر دی، نئے اصول نافذ

    واشنگٹن (بولونیوز)امریکا نے دنیا بھر کے لوگوں کے لیے ویزے جاری کرنے کے لیے شرائط مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے قوائد و ضوابط متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے ویزوں کے اجرا اور اسکریننگ کے عمل کے لیے نئے رہنما اصول اور سخت جانچ پڑتال کی پالیسی نافذ کر دی ہے۔

    ٹامی پگٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ’نیا ویٹنگ پروسیجر‘ متعارف کرایا ہے جس کے تحت قونصلر افسران کو اضافی نکات اور نئی شرائط کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہر درخواست کی جانچ پہلے سے زیادہ سخت ہو۔

  • فلسطینی طالبہ آکسفورڈ یونیورسٹی یونین کی صدر منتخب ہوگئی

    آکسفورڈ(بولونیوز)آکسفورڈ یونیورسٹی میں ایک فلسطینی نژاد طالبہ أروى حنين الريس نے میدان مار لیا۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی یونین کے سال 2026 کے الیکشن میں أروى نے پہلی عرب خاتون صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، أروى حنین الریس سیاسیات، معاشیات اور نفسیات کی طالبہ ہیں۔

    أروى نے جیت کے بعد پیغام میں کہا کہ وہ طلبہ کے اعتماد کے لیے ان کی شکر گزار ہیں۔ خیال رہے کہ آکسفورڈ یونین دنیا کی سب سے باوقار طلبہ تنظیموں میں سے ایک ہے، اور اس نے تاریخی طور پر پہلی مرتبہ ایک فلسطینی خاتون کو صدر منتخب کیا ہے۔

  • امریکی جنگی طیارہ تھنڈر برڈز F-16 گر کر تباہ ہوگیا

    کیلیفورنیا(بولونیوز)امریکی فضائیہ کا تھنڈر برڈز F-16 گر کر تباہ ہو گیا۔امریکی ایئر فورس کے ایلیٹ تھنڈر برڈز ڈیمونسٹریشن اسکواڈرن کا ایک لڑاکا طیارہ بدھ کے روز جنوبی کیلیفورنیا کے صحرا میں گر کر تباہ ہو گیا، تاہم پائلٹ بروقت محفوظ طور پر باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔

    ایف سولہ جنگی طیارہ تربیتی پرواز پر تھا، طیارہ گرنے اور پائلٹ کے نکلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، امریکی فضائیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    اس حادثے میں پائلٹ معمولی زخمی ہوا جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، F-16 سی فائٹنگ فیلکن تقریباً صبح 10:45 پر ایک تربیتی مشن کے دوران کریش ہوا۔

    یاد رہے کہ اسی علاقے میں 2022 میں بھی ایک نیوی F/A-18E سپر ہارنیٹ ٹرونا کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔

  • چین کے ‘انتہائی سستے’ ہائپرسونک میزائل نے تہلکہ مچادیا

    بیجنگ(بولونیوز) چین نے ہائپرسونک ٹیکنالوجی میں ایک حیران کن پیش رفت کرتے ہوئے نیا ہائپرسونک گلائیڈ میزائل YKJ-1000 متعارف کرا دیا ہے، جس نے عالمی دفاعی تجزیہ کاروں کو ششدر کر دیا ہے۔

    ایرو اسپیس کمپنی لِنگ کانگ تیان شینگ کی تیار کردہ یہ جدید میزائل 1,300 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور آواز کی رفتار سے سات گنا زیادہ رفتار سے سفر کر سکتا ہے۔

    اپنے منفرد ڈیزائن کی وجہ سے اس میزائل کو “سیمنٹ کوٹڈ میزائل” بھی کہا جا رہا ہے، کیونکہ اس کی سطح ایک خاص قسم کے کنکریٹ نما گرمی برداشت کرنے والے فوم سے ڈھکی ہے، جو عام طور پر تعمیراتی صنعت میں استعمال ہوتا ہے۔

    چینی میڈیا کے مطابق، کامیاب جنگی آزمائشوں کے بعد اس میزائل کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کی جا رہی ہے۔ حیران کن طور پر اس کی فی یونٹ قیمت صرف 99 ہزار امریکی ڈالر بتائی گئی ہے، جو دنیا کے مہنگے امریکی دفاعی نظام کے مقابلے میں نہایت کم ہے۔

    انتہائی کم لاگت اور ہائپرسونک رفتار نے عالمی دفاعی ماہرین کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس قدر سستا ہائپرسونک میزائل مستقبل کی عسکری حکمت عملیوں کو تبدیل کر سکتا ہے، کیونکہ بیشتر ممالک کے دفاعی نظام اس کے مقابلے میں بے حد مہنگے ہیں۔

    فوجی ٹیکنالوجی کے ماہر پروفیسر وی ڈونگ شو کے مطابق، “اگر YKJ-1000 عالمی منڈی میں آیا تو اس کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگا، کیونکہ کئی ممالک ابھی تک ہائپرسونک ہتھیار بنانے میں ناکام ہیں۔”

    دوسری جانب کچھ ماہرین نے سوال اٹھایا ہے کہ اتنے کم بجٹ میں ہائپرسونک ٹیکنالوجی کے مہنگے اجزا، انجن اور مخصوص فیول کیسے تیار کیے گئے؟ اس حوالے سے کمپنی نے جلد تفصیلی وضاحت جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    دفاعی تجزیہ کار YKJ-1000 کو ہائپرسونک ٹیکنالوجی میں ایک بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جو رفتار، لچک اور دفاعی نظاموں کو چکمہ دینے کی صلاحیت کے باعث جدید جنگی حکمت عملی میں مرکزی اہمیت اختیار کر سکتی ہے۔