Category: انٹرنیشنل نیوز

  • ہنگری کا یورپی یونین کی نئی مہاجرت پالیسی ماننے سے انکار، کھلی بغاوت قرار

    بوداپیسٹ(بولونیوز)ہنگری نے یورپی یونین کی نئی میگریشن پیکٹ پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ نہ تو ملک اضافی مالی جرمانہ ادا کرے گا اور نہ ہی زبردستی مہاجرین کو قبول کرے گا۔

    ہنگری حکومت نے اپنے سخت مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے:
    “برسلز ہنگری پر غیر منصفانہ دباؤ ڈال رہا ہے۔ ہم نہ جرمانہ دیں گے، نہ مہاجرین لیں گے۔”

    یورپی یونین کے حکام نے ہنگری کے اس فیصلے کو “کھلی بغاوت” قرار دیا ہے، جبکہ ہنگری کا مؤقف ہے کہ یہ قدم ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    سیاسی ماہرین کے مطابق ہنگری کے اس اقدام سے یورپی یونین کے اندر پہلے سے موجود اختلافات مزید گہرے ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ یورپی یونین میں مہاجرت کا معاملہ طویل عرصے سے حساس سیاسی موضوع رہا ہے اور نئی پالیسی کے خلاف ہنگری کا سخت ردعمل پورے بلاک میں ہلچل پیدا کر رہا ہے۔

  • حج 2026: مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں فوٹوگرافی پر مکمل پابندی عائد

    سعودی عرب(بولونیوز)حج 2026 کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے مسجد الحرام (مکہ مکرمہ) اور مسجد نبوی (مدینہ منورہ) کے اندر ہر قسم کی فوٹوگرافی اور ویڈیو ریکارڈنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کا اطلاق موبائل فون، پروفیشنل کیمروں سمیت تمام ریکارڈنگ ڈیوائسز پر ہوگا۔

    سعودی حکام کے مطابق اس فیصلے کا بنیادی مقصد زائرین اور حجاج کی پرائیویسی کا تحفظ یقینی بنانا، مقدس مقامات کے روحانی ماحول کو برقرار رکھنا اور ہجوم کے دوران با آسانی آمدورفت کو ممکن بنانا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے بیرونی حصوں میں فوٹوگرافی کی اجازت برقرار رہے گی، تاہم اندرونی حصوں میں یہ پابندی سختی سے نافذ ہوگی۔ یہ پابندی پورے حج سیزن 2026 کے دوران مؤثر رہے گی۔

    سعودی انتظامیہ نے حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر مکمل عمل درآمد کریں اور انتظامات میں تعاون کریں تاکہ عبادت کا ماحول ہر ممکن حد تک پرسکون اور منظم رہ سکے۔

  • بھارت کی آبی دہشت گردی، دریائے چناب میں پانی کا تیز ریلہ چھوڑ دیا گیا

    بھارت(بولونیوز)بھارت کا آبی جارحیت کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔ بھارتی حکام نے دریائے چناب میں اچانک پانی کا بڑا ریلہ چھوڑ کر پاکستان کے لیے سنگین صورتحال پیدا کر دی۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ 58 ہزار 300 کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جس سے مختلف اضلاع میں گندم کی کھڑی فصل متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے دانستہ طور پر ڈیم خالی کرکے پانی چھوڑا تاکہ پاکستان کی زرعی اراضی کو نقصان پہنچایا جاسکے۔

    ماہرین کے مطابق پانی چھوڑنے کے بعد بھارت ایک بار پھر ڈیموں میں پانی بھرنے کا عمل شروع کرے گا، جس سے خدشہ ہے کہ دریائے چناب کا بہاؤ اچانک صفر تک گر سکتا ہے، جو گندم کی فصل کے لیے شدید نقصان دہ ہوگا۔

    پاکستانی حکام نے بھارتی اقدام کو “آبی دہشت گردی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرز کے یکطرفہ اور معاندانہ اقدامات علاقائی ماحول اور زراعت دونوں کے لیے خطرناک ہیں۔

  • یوکرین امریکی امن تجویز پر دستخط کرنے کے لیے تیار نہیں، ٹرمپ

    واشنگٹن(بولونیوز)سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین امریکا کی تیار کردہ امن تجویز پر دستخط کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ان کے مطابق یوکرینی صدر کی جانب سے مزاحمت مذاکراتی عمل میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔

    صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے شکوہ کیا کہ “یوکرینی صدر بات چیت کی پیش رفت میں مسلسل رکاوٹ ڈال رہے ہیں، جبکہ تجویز روس۔یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے تیار کی گئی تھی۔”

    ٹرمپ نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کی جانے والی تجویز کا مقصد فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانا ہے، تاہم یوکرین کی جانب سے دستخط نہ کرنے کا فیصلہ امن کوششوں میں پیچیدگی پیدا کر رہا ہے۔

    صورتحال پر یوکرین اور امریکا کی جانب سے سرکاری ردعمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

  • تھائی لینڈ کے کمبوڈیا پر فضائی حملے، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ

    تھائی لینڈ(بولونیوز)عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے سرحدی علاقوں میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے، جہاں تازہ جھڑپوں کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق تھائی فوج نے علی الصبح دو مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے۔ کمبوڈین فوج کا کہنا ہے کہ وہ کئی روز سے جاری تھائی افواج کی ’’اشتعال انگیزی‘‘ کے باوجود جوابی کارروائی نہیں کر رہی تھی، تاہم حالیہ حملوں کے بعد صورتحال مزید تناؤ کا شکار ہو گئی ہے۔

    دونوں ممالک کی جانب سے الزام تراشی کے بعد سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کشیدگی میں کمی کے لیے رابطے تیز کیے جا رہے ہیں۔

  • ایران کی امریکا سے 55 ایرانی شہریوں کی ملک بدری کی تصدیق

    تہران/واشنگٹن(بولونیوز) ایران نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے 55 ایرانی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد ملک بدر کر دیا ہے۔

    ایران انٹرنیشنل کے مطابق یہ واقعہ اس ماہ کے دوران ایرانی شہریوں کی دوسری بڑی ملک بدری ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ افراد کو امریکا میں مختلف امیگریشن کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

    ایرانی حکام نے کہا ہے کہ ملک بدر کیے گئے شہریوں کی تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں، جبکہ مزید افراد کی امیگریشن کیسز بھی زیرِ غور ہیں۔

  • مدینہ منورہ میں گرج چمک کے ساتھ بارانِ رحمت، مسجد نبویؐ کے روح پرور مناظر

    سعودی عرب(بولونیوز)مدینہ منورہ اور اطراف کے علاقوں میں آج کالی گھٹاؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا، جسے شہریوں اور زائرین نے اللہ کی خاص رحمت قرار دیا۔ شدید بارش کے باعث شہرِ مقدس میں موسم نہایت خوشگوار ہو گیا۔

    مسجدِ نبویؐ میں بھی بارانِ رحمت نے دھواں دھار صورت اختیار کی، جہاں روضۂ اطہرؐ اور گنبدِ خضریٰ پر بارش کے قطروں نے دل موہ لینے والے مناظر پیش کیے۔ سبز گنبد پر جب پانی کے قطرے گرے تو ہزاروں زائرین کی آنکھیں شکرِ الٰہی سے نم ہو گئیں۔

    زائرین کی بڑی تعداد نے مسجدِ نبویؐ کے صحن میں سجدۂ شکر بجا لاتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے اپنے محبوب ﷺ کے شہر کو ایک بار پھر رحمت سے نوازا۔

    بارش کے بعد مدینہ منورہ میں سردی میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی ہو گئی ہے۔

    محکمۂ موسمیات اور مقامی حکام نے مدینہ آنے والے زائرین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی کے پیشِ نظر گرم کپڑے، جیکٹس اور دیگر ضروری اشیا اپنے ساتھ رکھیں تاکہ سرد موسم کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔

  • امریکی چھاپے میں سنگین غلطی، داعش اہلکار کی جگہ انڈر کور جاسوس ہلاک

    دمشق(بولونیوز) شام میں امریکی فورسز کے ایک خفیہ آپریشن کے دوران سنگین غفلت سامنے آئی ہے، جس میں داعش کے اہلکار کی بجائے برسوں سے تنظیم کے خلاف معلومات فراہم کرنے والا انڈر کور جاسوس ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت خالد المسعود کے نام سے ہوئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق خالد المسعود طویل عرصے سے داعش کے اندر رہ کر اہم معلومات اکٹھی کر کے شامی حکام اور اتحادی فورسز تک پہنچا رہا تھا۔ تاہم حالیہ امریکی چھاپے میں اسے غلطی سے داعش کا کارندہ سمجھ کر نشانہ بنا دیا گیا۔

    ہلاک جاسوس کے خاندان اور شامی حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خالد المسعود داعش مخالف سرگرمیوں کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کر رہا تھا، جس کی ہلاکت سنگین انٹیلی جنس ناکامی ہے۔

    واقعے کے بعد امریکی آپریشنل پالیسیوں اور انٹیلی جنس رابطہ کاری پر سخت سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔

  • شام میں نئی حکومت کے خلاف خفیہ منصوبہ بے نقاب

    دمشق(بولونیوز) شام میں نئی حکومت کے خلاف بغاوت بھڑکانے کی ایک خفیہ منصوبہ بندی سامنے آئی ہے، جس میں بشارالاسد کے ارب پتی کزن اور سابق انٹیلی جنس چیف کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں شخصیات پسِ پردہ رہ کر ایسے اقدامات کی تیاری کر رہے ہیں جن کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف سرگرمیوں کو مضبوط کرنے کے لیے متعدد شامی عسکری گروہوں کو فنڈنگ فراہم کی جارہی ہے۔ اس فنڈنگ کا مقصد گروہوں کی طاقت بڑھا کر ملک میں بغاوت کی فضاء پیدا کرنا بتایا جاتا ہے۔

    عالمی مبصرین کے مطابق اس نئی پیش رفت نے شام کی سیاسی صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے اور خطے میں ممکنہ کشیدگی کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

  • امریکا کی نیٹو پر سے ہاتھ اٹھانے کی دھمکی، یورپ کو سخت پیغام

    واشنگٹن(بولونیوز) امریکا نے یورپی ممالک کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپ نے اپنی دفاعی ذمہ داریوں میں اضافہ نہ کیا تو واشنگٹن نیٹو پر سے اپنا ہاتھ کھینچ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکا چاہتا ہے کہ یورپ نیٹو کی بیشتر دفاعی ذمہ داریاں خود سنبھالے تاکہ اتحاد کا بوجھ صرف واشنگٹن پر نہ رہے۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد اگرچہ یورپی ممالک نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے، تاہم موجودہ سطح اب بھی قابل اطمینان نہیں۔ امریکا مسلسل زور دے رہا ہے کہ یورپی ممالک اپنے دفاعی بجٹ بڑھائیں اور عملی طور پر نیٹو میں زیادہ کردار ادا کریں۔

    ادھر یورپی حلقوں میں امریکا کے حالیہ بیان کو “سخت اور واضح پیغام” قرار دیا جا رہا ہے، جس کے بعد امکان ہے کہ نیٹو ممالک کے درمیان دفاعی پالیسیوں پر نئی بحث شروع ہو جائے گی۔