Category: انٹرنیشنل نیوز

  • ملک سے باہر عسکری کارروائیاں کرنے والا باغی قرار پائے گا، افغان علما کا اہم اعلان

    کابل(بولونیوز) یونیورسٹی میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں افغان علما، مشائخ، سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے متفقہ طور پر قرار دیا ہے کہ جو بھی شخص ملک سے باہر عسکری کارروائیوں میں ملوث ہوگا، وہ ’’باغی‘‘ تصور کیا جائے گا۔

    اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گی اور کسی گروہ یا فرد کو سرحد پار کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    علما نے زور دیا کہ افغانستان امن کا خواہاں ملک ہے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں کی ہر سطح پر روک تھام کی جائے گی۔ اجلاس میں شریک سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے فیصلے کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے افغانستان کے داخلی اور علاقائی مفادات کا تحفظ ممکن ہوگا۔

  • آئس لینڈ کا یورو وژن 2026 کا بائیکاٹ،اسرائیل کی شمولیت پر سخت ردِعمل

    اسرائیل(بولونیوز)آئس لینڈ نے اسرائیل کی حمایت پر یورو وژن 2026 کے مقابلے کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔یہ فیصلہ یورپی براڈکاسٹنگ یونین کی جانب سے گزشتہ ہفتے اسرائیل کو یورو وژن میں شرکت کی منظوری دینے کے بعد سامنے آیا۔

    ترجمان آئس لینڈ براڈکاسٹنگ سروس کے مطابق، اسرائیل کی شمولیت ایسے وقت میں منظور کی گئی ہے جب عالمی سطح پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش پائی جاتی ہے، جس کے باعث مقابلے میں شرکت اخلاقی طور پر ممکن نہیں رہی۔

    ادھر اسپین، نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور سلووینیا بھی یورو وژن 2026 سے دستبردار ہو چکے ہیں اور انہوں نے اسرائیلی پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    یورپی براڈکاسٹنگ یونین کی منظوری کے بعد یورو وژن مقابلوں کا مستقبل ایک بار پھر بحث کی زد میں آ گیا ہے۔

  • امریکا کی ٹرمپ کے خلاف مقدمے پر عالمی عدالت کو نئی پابندیوں کی دھمکی

    واشنگٹن(بولونیوز) امریکا نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ممکنہ تحقیقات کے معاملے پر عالمی عدالت انصاف اور عالمی فوجداری عدالت (ICC) کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر یا اعلیٰ حکام کے خلاف کوئی بھی کارروائی یا تحقیق ناقابلِ قبول ہوگی۔

    امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی عدالت نے امریکا کے صدر، سابق صدور یا اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے خلاف تحقیقات شروع کیں تو عدالت اور اس سے منسلک اہلکاروں پر نئی پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔

    واشنگٹن نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ عدالت چاہے تو اپنی بنیادی قانونی دستاویز (اسٹیٹیوٹ) میں ترمیم کر لے، لیکن امریکا اپنے حکام کے خلاف کسی بھی بین الاقوامی عدالتی کارروائی کی اجازت نہیں دے گا۔

    امریکی بیان کے بعد بین الاقوامی حلقوں میں اس اقدام کو عالمی عدالت کے دائرہ اختیار پر دباؤ ڈالنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

  • امریکا نے پاکستان کے ایف-16 طیاروں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی فروخت کی منظوری دے دی

    واشنگٹن(بولونیوز) امریکا نے پاکستان کے ایف-16 لڑاکا طیاروں کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور معاونت فراہم کرنے کی منظوری دے ی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع نے اس حوالے سے کانگریس کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے۔

    محکمہ دفاع کے مطابق جدید ٹیکنالوجی، آلات اور تکنیکی معاونت کی مجموعی مالیت 686 ملین ڈالر ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ فروخت امریکا کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کو تقویت دے گی جبکہ پاکستان کے فضائی بیڑے کی استعداد کار میں بھی اضافہ ہوگا۔

    امریکی حکام کے مطابق یہ تکنیکی معاونت پاکستان کے ایف-16 پروگرام کی کارکردگی، حفاظت اور آپریشنل صلاحیت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

  • عالمی دباؤ پر اسرائیل کا ایلینبی کراسنگ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

    اسرائیل(بولونیوز)عالمی دباؤ میں اضافے کے بعد اسرائیل نے اردن کے ساتھ واقع ایلینبی کراسنگ کو غزہ کے لیے انسانی امداد اور تجارتی سامان کی ترسیل کی غرض سے دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔ یہ کراسنگ 23 ستمبر سے بند تھی، تاہم اب اسے آج سے بحال کیا جارہا ہے۔

    اسرائیلی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ سرحد کھلنے کے بعد ڈرائیورز اور کارگو ٹرکس کی سخت اسکریننگ کی جائے گی اور اضافی سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جاسکے۔

    ادھر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی افواج غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھتی ہیں تو موجودہ جنگ بندی معاہدہ دوسرے مرحلے میں داخل نہیں ہوسکے گا۔

    حالات کا دارومدار آئندہ دنوں میں خطے کی صورتحال اور جنگ بندی پر عمل درآمد پر ہوگا۔

  • متحدہ عرب امارات کی تمام مساجد میں جمعہ کی نماز کا یکساں وقت مقرر

    متحدہ عرب امارات(بولونیوز)ملک بھر کی تمام مساجد میں جمعہ کی نماز اور خطبے کا وقت یکساں کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اماراتی جنرل اتھارٹی آف اسلامی امور کے مطابق نیا نظام 2 جنوری 2026 سے نافذ ہوگا، جس کے تحت پورے ملک میں جمعہ کا خطبہ اور نماز 12 بج کر 45 منٹ پر ادا کی جائے گی۔

    اس سے قبل دبئی اور ابوظبی میں جمعہ کی نماز عام طور پر 1:30 بجے ادا کی جاتی تھی، جب کہ شارجہ اور شمالی امارات میں اس کا وقت تقریباً 12:30 بجے تھا۔ نئے فیصلے کے بعد اب پورے امارات میں جمعہ کی ادائیگی کا وقت یکساں ہو گا۔

    اتھارٹی نے نمازیوں سے مقررہ وقت کی پابندی کرنے اور نماز کو اس کے مقررہ وقت پر ادا کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

  • چیئرمین پی سی بی کا آزاد کشمیر میں پی ایس ایل میچز کرانے کا اعلان

    لندن(بولونیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پی ایس ایل روڈ شو کے دوران بڑا اعلان کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی سی بی نے آزاد جموں و کشمیر کے مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مظفرآباد اسٹیڈیم کی خوبصورت لوکیشن اور کرکٹ سے محبت کرنے والے شائقین کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو پاکستان کے نئے مقامات تک لے جانا پی سی بی کی ترجیحات میں شامل ہے، اور بہت جلد اسٹیڈیم میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

    چیئرمین پی سی بی کے اس اعلان کو شائقین کرکٹ کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آزاد کشمیر میں پی ایس ایل میچز کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

  • جدہ اور مدینہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش، سڑکیں زیرِ آب

    جدہ(بولونیوز) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ اور اس کے گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں مختلف سڑکیں زیرِ آب آگئیں اور کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق شدید بارش نے معمولاتِ زندگی متاثر کیے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    رپورٹ کے مطابق مدینہ منورہ اور اس کے اطراف میں بھی معتدل بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات نے ممکنہ مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

  • وزٹ ویزے پر کام کرنا جرم قرار، غیر قانونی افراد کو پناہ دینے پر لاکھوں درہم جرمانہ

    ابوظہبی(بولونیوز)متحدہ عرب امارات نےرہائشی قوانین مزید سخت کرتے ہوئے وزٹ ویزے پر کام کرنے اور غیر قانونی اقامہ رکھنے والے افراد کو پناہ یا ملازمت دینے کو سنگین جرم قرار دے دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امارات میں بسے غیر قانونی افراد کو رہائش فراہم کرنے یا ملازمت دینے والے افراد اور اداروں پر 50 لاکھ درہم (تقریباً 38 کروڑ روپے) تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ حکام کے مطابق ایسے افراد کو قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

    اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ وزٹ ویزے پر کام کرنا قابلِ سزا جرم ہے، جبکہ ایسے افراد کی مدد یا سہولت کاری میں ملوث افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

    رپورٹ کے مطابق امارات نے یہ اقدامات غیر قانونی رہائش، اسمگلرز اور غیر قانونی لیبر نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن کو مؤثر بنانے کے لیے کیے ہیں، اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

  • سعودی عرب اور قطر کے درمیان ریل منصوبے کا معاہدہ طے، ریاض اور دوحہ مزید قریب

    ریاض/دوحہ(بولونیوز) سعودی عرب اور قطر کے درمیان خطے کے اہم ترین سفری منصوبے کا باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کو 785 کلومیٹر طویل الیکٹرک ریل کے ذریعے آپس میں جوڑا جائے گا۔

    حکام کے مطابق جدید ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے ریاض اور دوحہ کے درمیان سفر کا دورانیہ ڈرامائی طور پر کم ہو کر صرف 2 گھنٹے رہ جائے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور عوامی روابط میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

    یہ منصوبہ خلیجی خطے میں سفری سہولیات کو نئی جہت دینے کے ساتھ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔