اسلام آباد (بولونیوز) وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزرا بھی موجود ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا موقع ہوگا۔
بلوچستان ( بولونیوز) ضلع قلات میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.0 تھی اور اس کا مرکز قلات کے قریب تھا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
اسلام آباد (بولونیوز) این ٹی سی کی جانب سے اسلام آباد کے عوامی مقامات پر مفت وائی فائی سروس شروع کی جا رہی ہے۔ صارفین کو نام اور موبائل نمبر دے کر شناخت کی تصدیق کرنی ہوگی۔ ہر کنکشن کا ریکارڈ سیکیورٹی کے لیے رکھا جائے گا۔
اسرائیل (بولونیوز) لڑاکا طیاروں نے عراق کی فضائی حدود میں داخل ہو کر ایران کی سرحد کے قریب جنگی مشقیں انجام دیں۔ طیاروں نے دیوارِ صوت توڑتے ہوئے جارحانہ نقل و حرکت کی۔ اس دوران امریکی فضائیہ کے دو ایندھن بردار طیارے بھی اسی علاقے میں موجود تھے۔ یہ اقدام خطے میں کشیدگی بڑھانے والا قرار دیا جا رہا ہے۔
واشنگٹن (بولونیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ ختم کرانے کے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ان کے مطابق 28 نکاتی امن منصوبہ بہتر کیا گیا ہے اور گزشتہ ماہ 25 ہزار فوجی ہلاک ہوئے۔ چند اختلافات پر جلد اتفاق ہونے کی امید ہے۔
لندن (بولونیوز) برطانوی حکومت نے کم از کم تنخواہ میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔برطانوی حکومت نے منگل کو کہا ہے کہ کم از کم تنخواہ میں اضافہ کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق آئندہ برس اپریل سے ہوگا، کم از کم تنخواہ اب 4.1 فی صد اضافے سے 12.71 پاؤنڈ ($ 16.67) فی گھنٹہ ہوگی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 21 برس سے زائد عمر کے ورکرز کی تنخواہ میں 4.1 فیصد اضافہ کیا جائے گا، جب کہ 18 اٹھارہ سے 20 برس کی عمر والے ورکرز کی تنخواہ 8.5 فی صد اضافے کے ساتھ 10.85 پاؤنڈ فی گھنٹہ ہو جائے گی۔
16 اور 17 برس کے نوجوانوں کی تنخواہ 6 فی صد اضافے کے ساتھ 8 پاؤنڈ فی گھنٹہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ برطانوی حکام نے بتایا کہ اس فیصلے سے لاکھوں ورکرز مستفید ہوں گے، تاہم کچھ آجروں نے تشویش ظاہر کی ہے کہ اس سے اشیا کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔
برازیلیا (بولونیوز) برزایل کے جنوبی علاقوں میں ژالہ باری نے شہریوں کو خوف زدہ کر دیا، ایسا لگ رہا تھا جیسے گولہ باری شروع ہو گئی ہو۔
رواں ہفتے جنوبی برازیل کے کچھ حصوں میں شدید طوفان کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس دوران بڑے سائز کے اولے گرے ہیں، آسمان سے گرتے گالف بال کے سائز کے اولوں نے تباہی مچا دی۔
ژالہ باری نے برازیل کی ریاست ریو گرانڈے ڈو سول کے شہر ایریچم میں سب سے زیادہ نقصان پہنچایا، اور مختلف حادثات میں 200 سے زائد افراد زخمی ہو کر اسپتال پہنچے، کئی جگہوں پر گالف بال جتنے اولے پڑے جس سے گھروں کی چھتیں ٹوٹ گئیں اور متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
میرٹھ(بولونیوز)بھارت کے میرٹھ شہر میں ایک شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے دوران 20 سالہ لڑکی افشاں چھت سے بارات دیکھ رہی تھی کہ ایک گولی لگنے سے ہلاک ہو گئی۔ واقعے کے بعد دلہا موقع سے فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے دلہا سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
کراچی (بولونیوز) قومی ادارہ برائے امراض قلب (NICVD) میں ڈائریکٹر جنرل آڈٹ کی رپورٹ نے چیف سیکیورٹی آفیسر فضل عباس (73 سال) کے تین سال سے غیر قانونی کنٹریکٹ پر تعیناتی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ عمل میرٹ اور حکومتی پالیسی کے خلاف ہے، جس سے ادارے کا ماہانہ 8 لاکھ روپے ضائع ہو رہا ہے۔
آڈٹ میں کہا گیا ہے کہ اس عمر میں افسر بنیادی سیکیورٹی ڈیوٹیاں انجام دینے سے قاصر ہیں۔ NICVD کے سینئر افسران نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کنٹریکٹ ختم کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف اقدامات کیے جائیں۔
کراچی (بولونیوز) تھانہ عوامی کالونی کے ایس ایچ او انسپیکٹر ملک عامر حسین نے باغ کورنگی میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک شہری کے گھر کا قبضہ واپس دلوایا۔ علاقے کے مکینوں نے پولیس کی اس بروقت کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا۔
انسپیکٹر ملک عامر حسین نے واضح کیا کہ اب کوئی بھی قبضہ مافیا قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔ اس کارروائی سے علاقے میں خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے اور شہریوں میں تحفظ کا احساس بڑھا ہے۔