Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • روس نے واٹس ایپ کو مکمل طور پر بلاک کرنے کی دھمکی دے دی

    ماسکو(بولونیوز) روس نے عالمی سطح پر مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو مکمل طور پر بلاک کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

    روس کے مواصلاتی نگران ادارے روسکومنیڈزو کے مطابق، اگر واٹس ایپ روسی قوانین کی پاسداری نہ کر سکا تو اسے ملک بھر میں مکمل طور پر بلاک کر دیا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، روسی حکام نے ایک بار پھر واٹس ایپ پر جرائم کو روکنے میں ناکامی کا الزام عائد کیا ہے اور شہریوں سے مقامی متبادل ایپس استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔

    یہ دھمکی اس وقت سامنے آئی ہے جب روس نے گزشتہ اگست میں واٹس ایپ کالز پر پابندی عائد کی تھی، جو اب مکمل بلاک کی طرف ممکنہ پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔

  • لاہور کی 2 مزید اہم شاہراہوں پر موٹرسائیکل رکشے پر پابندی

    لاہور(بولونیوز) ٹریفک پولیس نے کینال روڈ اور فیروز پور روڈ پر موٹرسائیکل رکشوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

    اس اقدام کے بعد اب شہر کی مرکزی شاہراہوں میں مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ، کینال روڈ اور فیروز پور روڈ پر موٹرسائیکل رکشے چلانے پر پابندی ہوگی۔

    ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور حادثات کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ متبادل روٹس استعمال کریں اور ٹریفف قوانین کی پابندی کریں۔

    یہ قدم شہر میں ٹریفف کی بہتری کے حوالے سے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔

  • ہوائی سفر میں حادثاتی موت پر 6 کروڑ روپے معاوضہ منظور

    اسلام آباد(بولونیوز) قومی اسمبلی کی سب کمیٹی برائے دفاع نے کیرج بائے ائیر (ترمیمی) بل 2025ء منظور کر لیا جس کے تحت ہوائی سفر کے دوران حادثاتی موت کی صورت میں مسافروں کے ورثا کو ریکارڈ معاوضہ دیا جائے گا۔

    بل کے مطابق بین الاقوامی سفر کے دوران حادثے میں مسافر کی موت پر ورثا کو 6 کروڑ روپے، جبکہ اندرون ملک سفر کے دوران اموات پر 2 کروڑ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

    وزارت دفاع کے لیگل ایڈوائزر نے بتایا کہ سامان گم ہونے کی صورت میں ایک بیگ پر 6 لاکھ روپے جبکہ کارگو کے نقصان پر 5 ہزار روپے فی کلوگرام کے حساب سے معاوضہ دیا جائے گا۔

    یہ ترمیم ہوائی سفر کے دوران مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم قدم قرار دی جا رہی ہے اور اس سے قبل ہوائی حادثات میں معاوضے کی یہ شرحیں موجود نہیں تھیں۔

  • ایران کا فیفا ورلڈ کپ ڈرا تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان

    تہران(بولونیوز)ایران نے امریکہ میں ہونے والی فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ڈرا تقریب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایرانی فٹبال فیڈریشن کے ترجمان نے سرکاری ٹیلی ویژن پر اعلان کیا کہ امریکہ نے ایرانی وفد کے کئی اراکین کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “امریکا کا ایرانی وفد کو ویزے جاری کرنے سے انکار کا فیصلہ کھیل سے ہٹ کر سیاسی نوعیت کا ہے، اس لیے ہمارے نمائندے ڈرا تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔”

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج سمیت کئی اہم شخصیات کو ویزے دینے سے انکار کر دیا ہے۔ تاہم قومی ٹیم کے کوچ امیر قلنویی سمیت چار افراد کو 5 دسمبر کی تقریب کے لیے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا سروسز عارضی طور پر معطل کردیں

    متحدہ عرب امارات(بولونیوز)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عام پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا جاری کرنے کی سروسز عارضی طور پر معطل کردی ہیں۔

    ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ سلمان چوہدری نے اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ یو اے ای میں کچھ پاکستانی شہریوں کی مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق خدشات کے بعد کیا گیا ہے۔ تاہم نیلے پاسپورٹ، سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کی ویزا درخواستیں بدستور قبول کی جارہی ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو یہ عارضی پابندی مکمل پابندی میں بدل سکتی ہے، جو پاکستان کے لیے سنگین معاشی نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ یو اے ای پاکستانی ورکرز کا اہم مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے لیے زرمبادلہ کے حصول کا بڑا ذریعہ بھی ہے۔

    اس اقدام سے پاکستانی شہریوں کے سفر اور روزگار پر ممکنہ منفی اثرات کے حوالے سے تشنگیاں پیدا ہوئی ہیں۔

  • پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے، ظلم وجبرکا نظام زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا

    لاہور(بولونیوز) مساجد میں درود و سلام پڑھنے پر پابندی لگانے کی کوشش کی گئی تو پھر ہر چوک، ہر محلے اور ہر گلی کوچے میں درود و سلام کی صدائیں بلند ہوں گی-
    جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے نمازِ جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گوجرہ، پنجاب میں موذن پر درود و سلام پڑھنے کے الزام میں قائم کیے گئے جھوٹے مقدمے کو اسلام، آئینِ پاکستان اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے انہوں نے پنجاب حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ ظلم و جبر کا نظام زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا درود و سلام پڑھنا عاشقانِ رسول ﷺ کا صدیوں سے قائم دینی اور روحانی عمل ہے، جس پر کسی قسم کی قدغن یا قانونی کارروائی ناقابلِ قبول ہیپاکستان کے غیور عوام مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے ان کا کہنا تھا کہ موذن پر جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات قائم کرنا ظلم اور مذہبی آزادی پر حملہ ہے اس مقدمے کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور جن افراد نے موذن کو نشانہ بنا کر یہ کارروائی کی انہیں گرفتار کرکے قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ اہلِ سنت کو دیوار سے لگانے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اگر مساجد میں درود و سلام پڑھنے پر پابندی لگانے کی کوشش کی گئی تو پھر ہر چوک، ہر محلے اور ہر گلی کوچے میں درود و سلام کی صدائیں بلند ہوں گی کیونکہ درود و سلام مسلمانوں کے ایمان کا لازمی جزو ہے، جسے روکنے کی کوششیں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی خطاب کے اختتام پر ملک میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

  • ڈپٹی جامشورو کاپولیو ویکسین مہم کی تیاریوں کا جائزہ اعلیٰ سطحی اجلاس

    جامشورو(بولونیوز)پولیو ویکسینیشن کی آئندہ مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیو ارادہ کمیٹی (DPEC) کا اجلاس ڈپٹی کمشنر جامشورو غزَنفر علی قادری کی صدارت میں منعقد ہوا۔

    اجلاس میں 15 سے 21 دسمبر تک ہونے والی پولیو ویکسین مہم کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ گزشتہ مہم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ 15 سے 21 دسمبر تک ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو بلا تفریق پولیو ویکسین کی دو قطرے پلائی جائیں، کیونکہ بچوں کی مکمل حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے گزشتہ پولیو مہم کے ساتھ ساتھ جاری خسرہ-روبیلا مہم کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پیر منظور احمد نے بتایا کہ کل خسرہ-روبیلا اور پولیو کی مشترکہ مہم کا آخری دن ہے اور ضلع بھر میں ویکسینیشن کا عمل مسلسل جاری ہے، جس کے تحت بچوں کو باقاعدگی سے دونوں ویکسین پلائی جا رہی ہیں۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-I بابر خان نظامانی، این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر کلیم شیخ، تمام تعلقات کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

  • ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی کارروائی،84 ملزمان گرفتار، ہتھیار اور منشیات برآمد

    حیدرآباد(بولونیوز) ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران علاقے میں جرائم کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 84 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

    ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق، پولیس اور ملزمان کے درمیان ہونے والے 03 مختلف مقابلوں میں 01 ملزم ہلاک جبکہ 03 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ گرفتار کیے گئے ملزمان میں 20 اسٹریٹ کرمنلز، 07 منشیات فروش، 07 گٹکا ماوا فروش اور 01 شراب فروش شامل ہیں۔

    ایسٹ پولیس نے مفرور و اشتہاری ملزمان کے خلاف بھی مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 07 مفرور اور 03 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتاریوں کے دوران پولیس نے 20 مختلف اقسام کی پسٹلز بمعہ ایمونیشن، 1256 گرام آئس، 5070 گرام چرس، 14 شراب کی بوتلیں، 70 کلو چھالیہ اور 5055 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد کیا۔

    اس کے علاوہ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 07 موٹر سائیکلز، 17 موبائل فونز اور 80,070 روپے نقد رقم بھی ضبط کی۔ یہ تمام گرفتاریاں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تمام تھانوں کی حدود میں پولیس کی مؤثر حکمتِ عملی کے تحت عمل میں لائی گئیں۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں مقدمات درج کرکے انہیں تفتیشی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • کراچی سے چوری ہونے والی وین موٹروے پولیس نے حیدرآباد میں برآمد کرلی

    حیدرآباد(بولونیوز) موٹروے پولیس نے ایم نائن موٹروے پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے چوری ہونے والی ایک وین برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق، موٹروے پولیس کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے ایک وین کے چوری ہونے کی مخفی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ چور وین لے کر ایم نائن موٹروے کے راستے فرار ہو رہے ہیں۔

    جامشورو ٹول پلازہ کے قریب موٹروے پولیس نے خصوصی چیکنگ پوسٹ قائم کی، جہاں مشکوک وین کی نشاندہی کے بعد اسے روکا گیا۔ کارروائی کے دوران چور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم پولیس وین بحق مالک برآمد کرنے میں کامیاب رہی۔

    وین چوری کی واقعہ کی رپورٹ کراچی کے لیاقت آباد پولیس اسٹیشن پر درج تھی۔ موٹروے پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد برآمد شدہ وین اصل مالک کے حوالے کردی۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹروے پر گاڑیوں کی چیکنگ اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر دو سال مزید چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے عہدے پر فائز رہیں گے

    اسلام آباد(بولونیوز)فیلڈ مارشل عاصم منیر اگلے دو سال یعنی 29 نومبر 2027 تک پاکستان کی تمام مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے عہدے پر اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔

    نومبر 2024 میں ہونے والی قانون سازی کے تحت سروسز چیفس کی مدت ملازمت 5 سال مقرر کی گئی تھی، جس کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کسی نئی توسیع یا نوٹیفیکیشن کی ضرورت کے بغیر براہ راست اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کا اختیار حاصل ہو گیا ہے۔

    اسی قانون کے تحت ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی 19 مارچ 2026 تک اپنے عہدے پر فائز رہیں گے۔ ان کی تقرری 19 مارچ 2021 کو ہوئی تھی، جنہیں بعد میں ایک سال کی توسیع دی گئی تھی جو 19 مارچ 2025 کو ختم ہو رہی تھی۔ نئے قانون کے تحت ان کی مدت ملازمت خودبخود 19 مارچ 2026 تک ہو گئی ہے، جس کے لیے کسی نئے نوٹیفیکیشن کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

    اس قانونی اقدام کے بعد دونوں عہدیداروں کی مدت ملازمت میں واضح ہو گئی ہے، جس سے افواج میں قیادت کے حوالے سے استحکام پیدا ہونے کی توقعات ہیں۔