Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر جعلی پاسپورٹ کے ساتھ ملائیشیا جانے والے دو مسافر آف لوڈ

    اسلام آباد(بولونیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی اسٹمپ لگے پاسپورٹس کے ساتھ ملائیشیا جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق پشاور اور بونیر کے رہائشی امین خان اور حبیب اللہ بین الاقوامی پرواز کے ذریعے ملائیشیا جا رہے تھے، جن کے پاسپورٹس پر روانگی اور ملائیشیا آمد کی جعلی اسٹمپ لگی ہوئی تھیں۔

    آپریشن کے دوران امیگریشن اہلکاروں نے جعل سازی کی کوشش کو بے نقاب کیا اور دونوں مسافروں کو پرواز سے اتار دیا۔ انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ امیگریشن کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور جعل سازی کی کوششوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔

  • آئی ایم ایف نے بھارتی معیشت کو مسلسل دوسرے سال سی گریڈ دیا

    نیویارک(بولونیوز)عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بھارت کی معیشت کو سی گریڈ دے کر دوسرے کم ترین درجے پر رکھا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بھارت کا معاشی ڈیٹا پرانا اور ناقص ہونے کی وجہ سے اسے مسلسل دوسرے سال سی گریڈ دیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ 2011-12 کا بھارتی معاشی ڈیٹا انتہائی پرانا ہے اور اس میں خامیاں معاشی نگرانی کے عمل میں رکاوٹ بنتی ہیں۔

    عالمی ادارے نے بھارتی حکومت کے آمدنی کی بنیاد پر جی ڈی پی کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھائے ہیں، جو پہلے بھی ماہرین معاشیات کی تنقید کا نشانہ بن چکا ہے۔

  • خاتون کے قتل کا سفاک ملزم پولیس کی کارروائی میں گرفتار

    کراچی(بولونیوز)ساوتھ زون پولیس نے چائینہ پورٹ کلفٹن سے خاتون کی مسخ شدہ لاش ملنے کے واقعے کا مرکزی ملزم گرفتار کر لیا ہے۔

    گزشتہ ہفتے کلفٹن چائینہ پورٹ کے قوات سے شہناز نامی خاتون کی نیم برہنہ اور مسخ شدہ لاش ملی تھی۔ بوٹ بیسن پولیس نے ٹیکنیکل ٹریسنگ کی مدد سے ملزم محمد احتشام کو گرفتار کیا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ مقتولہ کو پہلے سے جانتا تھا اور رقم کے تنازعے پر اسے قتل کر دیا۔ ملزم نے لاش کا چہرہ پتھر سے مسخ کرنے اور انگلیاں جلانے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

    پولیس نے ملزم سے مقتولہ کا موبائل فون بھی برآمد کیا ہے۔ ملزم کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

  • سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ: نجی اسکولوں میں سردیوں کے لیے یونیفارم پالیسی میں نرمی

    کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت نے صوبے بھر کے نجی تعلیمی اداروں کے لیے یونیفارم پالیسی میں اہم نرمی کا اعلان کرتے ہوئے طلباء کو سردیوں میں اپنی پسند کے گرم کپڑے پہننے کی اجازت دے دی ہے۔

    ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق، طلباء کو اب سردیوں میں کسی بھی رنگ اور ڈیزائن کے سویٹر، بلیزر، کوٹ، جیکٹس، ٹوپیاں، موزے اور جوتے پہننے کی اجازت ہوگی۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن رفیعہ جاوید کے دستخط شدہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اس نرمی کا بنیادی مقصد طلباء کی صحت، آرام اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ تمام اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پالیسی کو “پوری نیک نیتی” کے ساتھ نافذ کریں۔

    یہ فیصلہ والدین اور طلباء کے لیے ایک بڑی راحت کا باعث ہے، جس سے نہ صرف طلباء کو سردی سے تحفظ ملے گا بلکہ والدین پر مہنگے مخصوص یونیفارم کا بوجھ بھی کم ہوگا۔

  • سندھ واٹر کارپوریشن کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر سید عمران اقبال زیدی انتقال کرگئے

    کراچی(بولونیوز)سندھ واٹر کارپوریشن کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر اور آر آر جی کے عہدیدار سید عمران اقبال زیدی حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔

    ترجمان کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے اوقات کا اعلان بعد ازاں کیا جائے گا۔

    ادارے کے سی ای او احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ ادارے کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ مرحوم باصلاحیت، محنتی اور دیانتدار افسر تھے جنہوں نے ادارے کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دیں۔”

    واٹر کارپوریشن کے حکام نے بتایا کہ اس دکھ کی گھڑی میں تمام افسران و ملازمین مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ مرحوم کی پیشہ ورانہ مہارت، خوش اخلاقی اور خدمت کا جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اعلان، اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت

    کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

    ترجمان وزیراعلیٰ کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ “غاصب اسرائیلی ریاست انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے، جس میں ہزاروں بچے اور خواتین شہید ہو چکی ہیں۔” انہوں نے زور دیا کہ “اقوام متحدہ کو فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔”

    وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کے حق میں ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام فلسطین میں امن اور آزادی کے حصول کے لیے دعاگو ہیں۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری،16 منصوبوں پر تیز رفتاری کی ہدایت

    کراچی(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ترقیاتی پورٹ فولیو 2025-26 کے جائزہ اجلاس میں محکمہ صحت کے 16 نمایاں منصوبوں کو موجودہ مالی سال میں عوام کے لیے کھولنے کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 178 منصوبے شامل ہیں، جن میں 140 جاری اور 38 نئے منصوبوں کے لیے 45.37 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کیا جائے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ “اہم صحت منصوبے زندگی بچانے والی سہولیات ہیں، تاخیر ناقابل قبول ہے۔”

    اجلاس میں لاڑکانہ کے 600 بستروں کے نئے اسپتال کی منظوری، پانچ بڑے اسپتالوں میں ماڈیولر آپریٹنگ تھیٹرز کے منصوبوں اور مختلف ضلعوں میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آمدہ واقعات،خودکشی، فائرنگ اور دیوار گرنے کے واقعات

    کراچی(بولونیوز)پیر کے روز کراچی کے مختلف علاقوں میں متعدد واقعات پیش آئے جن میں ایک خودکشی، فائرنگ کے متعدد واقعات اور ایک اسکول کی دیوار گرنے کا حادثہ شامل ہیں۔ ان واقعات میں ایک شخص کی خودکشی سے موت ہوئی، چار افراد زخمی ہوئے، اور ایک ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوا، جبکہ دیوار گرنے سے مالی نقصان ہوا۔

    کشمیر کالونی سیکٹر اے میں خودکشی:
    کشمیر کالونی سیکٹر اے میں ایک گھر میں 24 سالہ محمد عثمان نے خود کو پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ ریسکیو حکام نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق موت کی وجہ خودکشی ہے، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    کورنگی کراسنگ کے قریب فائرنگ:
    کورنگی کراسنگ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 25 سالہ شاہزیب شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈکیتی کی مزاحمت پر فائرنگ سے پیش آیا۔ زخمی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    گارڈن شادی ہال کے قریب اتفاقیہ گولی لگنے سے زخمی:
    گارڈن شادی ہال کے قریب اتفاقیہ گولی لگنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا۔ دونوں زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے، اور واقعے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

    اورنگی ٹاون ایرانی کیمپ میں پولیس مقابلہ:
    اورنگی ٹاون ایرانی کیمپ کے قریب اے وی سی ایل سی پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا سامان برآمد کیا۔ ہلاک شدہ ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، اور لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ناظم آباد میں اسکول کی دیوار گرنے کا حادثہ:
    ناظم آباد میں ایک سرکاری اسکول کی دیوار اچانک گر گئی جس سے 3 گاڑیاں اور متعدد موٹرسائیکلیں تباہ ہو گئیں۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاقائی مکینوں نے ویڈیو میں گرنے والی دیوار کے بڑے ٹکڑے ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں، اور تباہ شدہ گاڑیوں کو دوسرے مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسکول میں تعمیراتی کام بھی جاری تھا، جس کی وجہ سے دیوار گرنے کا واقعہ پیش آیا ہو سکتا ہے۔

  • دولہے نے 31 لاکھ کا جہیز ٹھکرا کر ایک روپیہ قبول کرلیا

    بھارت(بولونیوز)اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں جہیز کے خلاف دولہے کے دلیرانہ موقف نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔دولہے نے باراتیوں سے بھرے مجمعے کے سامنے جہیز کی رقم لینے سے انکار کرکے سماجی برائی کو چیلنج کیا۔

    اودھیش رانا نے گورا تلک کی تقریب کے دوران دلہن کے اہلخانہ کو 31 لاکھ روپے واپس کردیے اور ہاتھ جوڑ کر رقم لینے سے انکار کردیا۔

    دولہے نے کہا کہ میں ناگوا کا رہنے والا ہوں، میری شادی مظفر نگر کے شہاب الدین پور میں ہوئی تھی اور وہ مجھے جہیز کے طور پر 31 لاکھ روپے دے رہے تھے، ہم نے اسے واپس کر دیا کیونکہ ہم جہیز کے نظام کے خلاف ہیں۔ یہ بالکل غلط ہے۔ جہیز کا نظام مکمل طور پر بند ہونا چاہیے –

  • نجی اسکولوں میں طلبا کو پسند کی جرسی پہننے کی اجازت، محکمہ تعلیم سندھ کی ہدایت

    کراچی(بولونیوز) محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ طلبا کو سردیوں میں اپنی پسند کی جرسی، جیکٹ یا سوئیٹر پہننے کی اجازت دیں۔

    ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ طلبا کو مخصوص گرم لباس پہننے پر مجبور نہیں کر سکے گی۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز سندھ رفیعہ جاوید کے مطابق یہ ہدایت وزیر تعلیم سردار شاہ کے احکامات پر جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “سردیوں میں بچوں کی صحت ترجیح ہے، زبردستی مخصوص گرم جیکٹس پہنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔”

    انہوں نے خبردار کیا کہ ہدایت نامے کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس اقدام سے طلبا اور والدین کو سردی کے موسم میں لباس کے انتخاب میں آسانی ہوگی۔