Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • سی ٹی ڈی سینٹر سکھر کے تعمیراتی ٹھیکے میں بے ضابطگیوں کا الزام، نوٹس جاری

    کراچی(بولونیوز)سندھ ہائی کورٹ میں سی ٹی ڈی سینٹر سکھر کی تعمیر کے ٹھیکے میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ٹھیکیدار بلال بھٹو کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد آئی جی سندھ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

    درخواست گزار کے وکیل حسنین چوہان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سی ٹی ڈی سینٹر سکھر کی تعمیر کا ایک ارب روپے کا ٹھیکہ تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پولیس حکام نے نیب کی کارروائی سے بچنے کے لیے یہ تقسیم کی کیونکہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد 50 کروڑ روپے سے کم کی کرپشن کی تحقیقات ممکن نہیں۔

    وکیل کے مطابق پہلے مرحلے میں 48 کروڑ روپے کا ٹھیکہ دیا گیا، جس کا مقصد نیب کی حدود سے باہر رہنا ہے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ محکمہ پولیس ٹھیکے کے عمل میں بے ضابطگیاں کر رہا ہے جبکہ ای پیڈ سسٹم کے بجائے ٹھیکہ مینوئلی دیا گیا، جو قانون کے خلاف ہے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹھیکہ ای پیڈ سسٹم کے ذریعے دیا جائے، جبکہ او پی ایس پر تعینات سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

    عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔

  • لائنز ایریا میں بچت بازار کے خلاف درخواست پر سماعت، حکمِ امتناع میں توسیع

    کراچی(بولونیوز)سندھ ہائی کورٹ میں لائنز ایریا میں لگنے والے بچت بازار کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے جونئیر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سینئر وکیل آج پیش نہیں ہوسکے، لہٰذا مہلت دی جائے۔

    عدالت نے وکیل کی استدعا پر درخواست کی سماعت ملتوی کردی اور ساتھ ہی بچت بازار سے متعلق جاری حکمِ امتناع میں بھی توسیع کردی۔

    درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ ہر سال ٹھیکیدار باقاعدگی سے چالان جمع کراتا ہے، تاہم کچھ افراد نے بچت بازار لگانے سے روک دیا تھا۔
    وکیل درخواست گزار نے کہا کہ لائنز ایریا میں قانونی طور پر بچت بازار لگایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سمیت متعلقہ حکام سے باقاعدہ اجازت لی گئی تھی۔

    عدالت نے دیگر فریقین کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا اور کیس کی سماعت چار ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

  • لاپتا شہری محمد بلال اور دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت

    کراچی(بولونیوز)سندھ ہائی کورٹ میں لاپتا شہری محمد بلال اور دیگر افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کردیے۔

    عدالت نے تمام فریقین سے 18 دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔

    درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محمد بلال سپر ہائی وے کے قریب انٹرویو کے لیے گئے تھے تاہم اس کے بعد ان کے فون بند ہوگئے اور وہ گھر واپس نہیں آئے۔

    جسٹس یوسف علی سعید نے استفسار کیا کہ کیا بلال کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے؟

    وکیل نے جواب میں بتایا کہ متعلقہ تھانے میں گمشدگی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم اب تک کسی قسم کا سراغ نہیں مل سکا۔

    عدالت نے معاملے پر متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی۔

  • کیلیفورنیا میں بینکوئٹ ہال میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک، 10 زخمی

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اسٹاکٹن میں خاندانی اجتماع کے دوران بینکوئٹ ہال میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ شام 6 بجے سے کچھ پہلے شہر کے شمالی حصے میں پیش آیا۔

    سی این این کے مطابق، سان جوآقن کاؤنٹی شیرف آفس کی ترجمان ہیتر برینٹ نے بتایا کہ زخمیوں میں بچے اور بالغ دونوں شامل ہیں، تاہم ان کی اسپتال میں حالت کے متعلق فوری طور پر کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔

    ترجمان نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ابتدائی شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ واقعہ ہدف شدہ حملہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ انتہائی حساس ہے اور تحقیقات جاری ہیں، اسی لیے معلومات محدود رکھی جا رہی ہیں۔

    شیرف آفس کے مطابق فائرنگ کے وقت بینکوئٹ ہال میں خاندانی تقریب جاری تھی، جو قریبی کاروباری مراکز، بشمول ڈیری کوئن، کے ساتھ پارکنگ شیئر کرتا ہے۔

    ترجمان ہیتر برینٹ نے مزید بتایا کہ مشتبہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گیا اور اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ حکام نے واقعے کے محرکات جاننے اور حملہ آور تک پہنچنے کے لیے عوام سے مدد کی اپیل کی ہے۔

    سان جوآقن کاؤنٹی شیرف آفس اس واقعے کی تحقیقات کی قیادت کر رہا ہے۔

    یہ واقعہ اسٹاکٹن کو ان امریکی شہروں کی طویل فہرست میں شامل کرتا ہے جہاں روزمرہ کے مقامات جیسے اسکول، شاپنگ سینٹر، بارز اور دفاتر میں فائرنگ کے واقعات عام ہو چکے ہیں۔ گن وائلنس آرکائیو کے مطابق، امریکا میں اس سال اب تک 380 سے زائد بڑے پیمانے کی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں کم از کم 4 یا زیادہ افراد کو نشانہ بنایا گیا۔

    کیلیفورنیا کے گورنر گیوین نیوسم کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اسٹاکٹن کی میئر کرسٹینا فوگازی نے بتایا کہ گورنر نے واقعے سے متاثرہ کمیونٹی کے لیے ریاست کی بھرپور مدد کی پیشکش کی ہے۔

    میئر فوگازی نے بیان میں کہا: “آج رات ہمارا شہر ایک دل دہلا دینے والی اور تکلیف دہ صورتحال سے گزر رہا ہے۔ زخمیوں، ان کے اہلخانہ اور ہمارے فرسٹ ریسپانڈرز کے لیے دعا کریں۔”

  • وفاقی آئینی عدالت میں ارشد شریف قتل کیس سماعت کیلئے مقرر

    اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی آئینی عدالت نے صحافی ارشد شریف قتل کیس کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔

    جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان پر مشتمل دو رکنی بینچ 3 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ارشد شریف کے قتل پر ازخود نوٹس لیا تھا، تاہم 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد تمام ازخود نوٹس کیسز وفاقی آئینی عدالت کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔

    ارشد شریف کو 23 اکتوبر 2022 کو کینیا کے شہر نیروبی میں مگاڈی ہائی وے پر پولیس نے سر میں گولی مار کر قتل کیا تھا۔ بعد ازاں کینین پولیس نے واقعے کو غلط شناخت کا معاملہ قرار دیا، تاہم تحقیقات کے دوران ان کے مؤقف میں کئی تضادات سامنے آئے، جس کے باعث معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا۔

  • سری لنکا میں طوفان دتوا کی تباہ کاریاں؛ شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے 46 ہلاک، 23 لاپتا

    سری لنکا(بولونیوز)سمندری طوفان دتوا کے باعث ہونے والی طوفانی بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 46 افراد ہلاک، 23 لاپتا اور 10 زخمی ہو گئے۔

    مقامی حکام کے مطابق ریکارڈ توڑ بارشوں کے سبب کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا، سڑکیں اور ریلوے ٹریک مکمل طور پر زیرِ آب آ گئے، جبکہ مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔

    شدید بارشوں کے باعث دریا بھی بپھر گئے جس کی وجہ سے مختلف صوبوں کو ملانے والی اہم شاہراہیں بند ہوگئیں، اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

    دارالحکومت کولمبو سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں ریڈ لیول فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جبکہ سری لنکن محکمہ موسمیات نے وسطی اور شمالی خطوں میں 200 ملی میٹر یا اس سے زائد بارش کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے مزید خبردار کیا ہے کہ طوفان دتوا کا ممکنہ اثر بھارت کے ساحلی علاقوں پر بھی پڑ سکتا ہے، جس سے مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

  • پاکستان اور افغانستان فوجی تصادم کی نئی لہر کی جانب بڑھ رہے ہیں، امریکی میڈیا

    واشنگٹن(بولونیوز)امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں ممالک ایک نئی فوجی تصادم کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے طـالـبـان کے ساتھ بڑھتے ہوئے سفارتی و سیاسی رابطوں نے خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جس کے باعث اسلام آباد اور کابل کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    فضائی حملے میں 9 بچوں سمیت متعدد افراد کے جاں بحق ہونے سے کشیدگی میں اضافہ

    واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ مشرقی افغانستان میں منگل کے روز ہونے والے فضائی حملے میں 9 بچوں سمیت کئی افراد جان سے گئے، جبکہ سوگوار خاندان اپنے پیاروں کی قبروں پر مٹی ڈالتے نظر آئے۔ اس واقعے نے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

    علاقائی طاقتوں کی نئی سرد جنگ

    امریکی میڈیا کے مطابق یوکرین جنگ اور افریقہ کی بدلتی صورتحال کے ساتھ ساتھ ایشیائی خطے میں بھی اہم جیو پولیٹیکل تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔
    بھارت اور طـالـبـان کے بڑھتے تعلقات نہ صرف پاکستان کے لیے تشویش کا باعث ہیں بلکہ یہ پورے خطے کی سکیورٹی کو متاثر کر رہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق سرحدی سکیورٹی کے مسائل کے ساتھ ساتھ خطے میں اثر و رسوخ کے لیے علاقائی طاقتوں کی ایک نئی جنگ بھی سامنے آ رہی ہے، جو مستقبل میں مزید تناؤ کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔

  • موجودہ حکومت مغربی ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے، معیشت تباہ ہو چکی ہے، مولانا فضل الرحمان

    مردان(بولونیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ماضی میں الزام لگایا جاتا تھا کہ عمران خان مغربی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، لیکن آج مغرب کے اصل ایجنڈے پر موجودہ حکومت عملدرآمد کر رہی ہے۔

    مردان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے، پاکستان وہ نہیں رہا جس کے بارے میں عوام نے امیدیں وابستہ کی تھیں۔”
    انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں عوامی امنگوں کے خلاف ہیں اور مہنگائی کے بوجھ نے لوگوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔

    افغان پالیسی ناکام، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں: سربراہ جے یو آئی

    مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں لیکن پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف ٹرمپ کو نوبل امن انعام دلوانے کی بات کر رہے ہیں، جو ایک افسوسناک رویہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں کو اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔
    “مسلح گروہ جنگ چھوڑ دیں، جنگ کبھی کسی مسئلے کا حل نہیں رہی۔”

    سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان کی افغان پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، 78 برس میں ہم افغانستان کو اپنا دوست نہیں بنا سکے، جو خارجہ پالیسی کے بڑے سوالات اٹھاتا ہے۔

  • کے پی میں دہشت گردی اور سرحدی صورتحال کےباعث گورنرراج پرغورکیا جارہا ہے

    اسلام آباد(بولونیوز)وزیرِ مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی تازہ لہر اور سرحدی صورتحال کے پیش نظر گورنر راج نافذ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ انتظامی صورتحال کسی سے پوشیدہ نہیں، اور ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے میں ایسا مؤثر انتظامی ڈھانچہ ہو جو عوام کو فوری اور حقیقی ریلیف دے۔
    انہوں نے کہا کہ “کب تک صوبے کے شہریوں کو بے یار و مددگار چھوڑا جائے؟” حالات اس وقت نازک ہیں اور اسی لیے گورنر راج کے نفاذ کا آپشن زیر غور ہے۔

    بیرسٹر عقیل ملک نے بتایا کہ گورنر راج صرف شدید ضرورت کے تحت نافذ کیا جاتا ہے اور خیبرپختونخوا کے حالات اس کی جانب اشارہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں پنجاب میں بھی گورنر راج لگانے کا تجربہ کیا جا چکا ہے۔

    گورنر خیبرپختونخوا کی تبدیلی کا امکان

    دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو تبدیل کیے جانے کے امکانات پر بھی غور جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق نئے گورنر کے لیے 5 نام زیر غور ہیں جن میں 3 سیاسی شخصیات اور 2 سابق فوجی افسران شامل ہیں۔

    زیرِ غور سیاسی ناموں میں شامل ہیں:

    امیر حیدر خان ہوتی

    آفتاب شیرپاؤ

    پرویز خٹک

    جبکہ سابق فوجی افسران میں شامل ہیں:

    لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی (سابق کور کمانڈر پشاور)

    لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود (سابق آئی جی ایف سی)

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

  • عمران خان کو 4 نومبر سے آئسولیشن میں رکھا گیا ہے،تشویشناک رپورٹس سامنے آرہی ہیں

    پشاور(بولونیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کو 4 نومبر سے اڈیالہ جیل میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ بین الاقوامی میڈیا میں اُن کی صورتِ حال سے متعلق تشویشناک رپورٹس سامنے آرہی ہیں۔

    پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ “ہم اڈیالہ جیل گئے مگر ہمیں دو منٹ کی ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ بھی گئے لیکن وہاں بھی ملاقات نہ ہوسکی۔” وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی صحت اور سکیورٹی کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

    سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ میں بھرپور شرکت کی جائے گی تاکہ ضم اضلاع اور صوبے کے حقوق کے لیے مؤثر آواز بلند کی جاسکے۔ ان کے مطابق 2018 سے اب تک خیبرپختونخوا کو این ایف سی میں اس کا حق نہیں دیا گیا، جس کے باعث ضم اضلاع مسلسل محرومی کا شکار ہیں۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاق کے ذمے صوبے کے 7 سالوں کے 1 ہزار 350 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ اسی حوالے سے صوبے میں مختلف جامعات میں سیمینار منعقد کیے جارہے ہیں جب کہ تمام سیاسی جماعتوں سے بھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے لیے سب کو متحد ہو کر لڑنا ہوگا۔ “ہمیں تصادم کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم اس راستے پر نہیں جائیں گے۔ میں بطور وزیراعلیٰ بھی ذمہ داری نبھا رہا ہوں اور بطور پارٹی کارکن بھی۔”

    سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا کہ صوبے کے وزیراعلیٰ کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا جانا امتیازی سلوک ہے، جس کی جمہوری نظام میں کوئی مثال نہیں ملتی۔