Author: Nadeem Ahmed Jamal

  • 65 سالہ باریش بزرگ کی سات سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش

    حسن ابدال(بولونیوز)باریش بزرگ کی سات سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش اہل محلہ نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا-تفصیلات کے مطابق سلطان پور حسن ابدال کے رہائشی رحمت اللہ کی سات سالہ بیٹی( م) اپنے ماموں کے گھر لب میل گئی ہوئی تھی جو کھیلنے کے لیے گھر سے باہر نکلی تھی-

    دریں اثنا 65سالہ خان زمان نامی شخص نے خالی پلاٹ میں بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش میں نازیبا حرکات کیں جنھیں محلے داروں نے چھت سے دیکھا شور شرابا کرنے پر الزام علیہ موقع سے رفو چکر ہو گیا جب کہ بچی سے گھر والوں نے پوچھا جس نے واقعے کی تصدیق کی گھر والے اسے لے کر تھانے آ گئے اور مقدمے کے لیے درخواست دے دی-

    اطلاعات کے مطابق خان زمان نامی شخص نے بچی کو پیسوں کا لالچ دے کر اپنی ہوس کا نشانہ بنانا چاہا لیکن خالی پلاٹ سے ملحقہ مکان کی چھت سے محلے داروں کے بروقت دیکھنے اور شور مچانے پر موقع سے فرار ہو گیا

    ملزم متاثرہ بچی کے ماموں کے پڑوسی کا کرایہ دار ہے

    تھانہ واہ کینٹ پولیس نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 377B کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے-

  • ایران پر امریکی حملوں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

    واشنگٹن(بولونیوز)ایران پر امریکی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے توانائی کی عالمی منڈی میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔

    برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 5.58 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 76 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہونے لگا۔اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ آئل کی قیمت میں 2.76 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کے سودے 70.44 ڈالر فی بیرل پر ہوئے۔

    ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

  • شارع فیصل بلوچ پل پر زیرِ تعمیر ایڈورٹائزمنٹ بورڈ، حفاظتی اقدامات پر سوالات

    کراچی(بولونیوز)شارع فیصل پر بلوچ پل کے قریب انعم اسٹیٹ کے مقام پر ایڈورٹائزمنٹ بورڈ کی تنصیب کا کام جاری ہے، جہاں مزدور مبینہ طور پر مناسب حفاظتی سامان (سیفٹی گیئر) کے بغیر کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    بارشوں کے موسم کے پیشِ نظر شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بورڈ کی تنصیب مقررہ حفاظتی اور تکنیکی معیار کے مطابق نہ ہوئی تو یہ مستقبل میں کسی جانی یا مالی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔

    شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ ایڈورٹائزمنٹ بورڈ کا فوری تکنیکی معائنہ (انسپیکشن) کیا جائے، تعمیراتی معیار اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جائے، اور مزدوروں کے لیے بھی تمام ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بروقت بچا جا سکے۔

  • یومِ شہادت حوالدار لعلک جان شہید (نشانِ حیدر): مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت

    راولپنڈی(بولونیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز؛ ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف؛ اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ایئر اسٹاف سمیت مسلح افواجِ پاکستان نے حوالدار لعلک جان شہید (نشانِ حیدر) کی یومِ شہادت کے موقع پر ان کی بے مثال جرأت، غیر متزلزل عزم اور مادرِ وطن کے دفاع میں دی گئی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

    سن 1999 میں آج کے دن کارگل کے محاذ پر حوالدار لعلک جان شہید نے دشمن کے مسلسل اور شدید حملوں کے باوجود غیر معمولی بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پوسٹ کا دفاع کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے انخلا سے انکار کیا اور آخری سانس تک بے جگری سے لڑتے ہوئے فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کیا۔

    مسلح افواجِ پاکستان کے مطابق حوالدار لعلک جان شہید کی لازوال قربانی شجاعت، استقامت اور بے لوث خدمت کی درخشاں مثال ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ ان کی شہادت نے قوم کے دفاعی عزم کو مزید مضبوط کیا اور یہ پیغام دیا کہ وطن کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

    قومی قیادت اور مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

  • پاکستان کی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

    راولپنڈی(بولونیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) و ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیرِ صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز، راولپنڈی میں 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

    کانفرنس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استحکام کی بنیاد ہیں۔ اجلاس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پاک افواج کی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

    فورم نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ افغان طالبان کے زیرِ کنٹرول علاقوں کو بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ، جن میں فتنہ الخوارج (FAK) اور فتنہ الہندوستان (FAH) شامل ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن افغان طالبان کے زیرِ کنٹرول علاقوں کو بھارتی دہشت گرد پراکسیز کے استعمال سے روکنے سے مشروط ہے، جس کی ذمہ داری افغان طالبان حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف اپنے عوام کے دفاع کا غیر مبہم حق حاصل ہے اور مسلح افواج آپریشن غضبُ الحق کے تحت انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

    کانفرنس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ شورش زدہ علاقوں میں مضبوط گورننس ڈھانچے قائم کرنے کی فوری ضرورت ہے تاکہ عوامی خدمت و فلاح کو فروغ دیا جا سکے اور سیاسی سرپرستی میں پنپنے والے دہشت گردی و جرائم کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ کیا جا سکے۔

    فورم نے مارکۂ حق میں دشمن کو دی جانے والی فیصلہ کن شکست کے بعد بیرونی سرپرستی میں ہائبرڈ وارفیئر اور گمراہ کن پروپیگنڈا مہمات میں اضافے کا نوٹس لیا اور ریاستی سرپرستی میں مالی معاونت، سہولت کاری یا پراکسیز کے استعمال کی شدید مذمت کی۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کا بھرپور اور دوٹوک جواب دیا جائے گا۔

    علاقائی صورتحال کے جائزے کے دوران فورم نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور علاقائی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

    کانفرنس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بیانات پر قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایات کی توثیق کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا۔

    فورم نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب میں یکطرفہ تبدیلیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اجلاس میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے۔

    اختتامی کلمات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈرز کو بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کے مطابق کثیر الجہتی اصلاحاتی منصوبے پر تیز رفتار عملدرآمد، اعلیٰ سطح کی چوکسی، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی، تاکہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • کراچی میں تیز رفتار ڈالا کی ٹکر، کمسن بچہ جاں بحق، ایک نوجوان زخمی، ڈرائیور فرار

    کراچی(بولونیوز) شہر کے علاقے سپر ہائی وے پر براق پمپ کے قریب ڈائیوو بس اڈے کے سامنے تیز رفتار ریوو ڈالا نے کارگو بائیک کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 11 سالہ کمسن بچہ جاں بحق جبکہ 22 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت عبید ولد حکم (عمر 11 سال) جبکہ زخمی نوجوان کی شناخت نظام (عمر 22 سال) کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    حادثے کے بعد ڈالا کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے گاڑی کی تفصیلات حاصل کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے تاکہ فرار ڈرائیور کو گرفتار کیا جا سکے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی ہدایات پر ٹی جی اے کے نمائندگان کے ساتھ اجلاس، ای چالان سے متعلق مسائل پر غور

    کراچی(بولونیوز) کراچی ٹریفک پولیس کے دفتر میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی ہدایات پر ٹرانسپورٹرز سے وابستہ تنظیم (TGA) کے نمائندگان کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ای چالان سے متعلق درپیش مسائل اور تجاویز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں ڈی ایس پی ایڈمن ٹریفک ملہیر خان، ڈی ایس پی ٹریفک لیگل محمد طفیل اور ٹی جی اے کے نمائندگان مسعود بھٹی، محمد اشرف سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ٹی جی اے کے نمائندگان نے ای چالان کے نفاذ، طریقۂ کار اور اس سے جڑے عملی مسائل پر اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں۔

    متعلقہ افسران نے شرکاء کے مؤقف کو بغور سنا اور قانونی و انتظامی تقاضوں کے مطابق مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ افسران نے کہا کہ ای چالان نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی آراء کو اہمیت دی جا رہی ہے۔

    کراچی ٹریفک پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ تمام فریقین کو بہتر، شفاف اور مؤثر خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دی جاتی رہیں گی۔

  • آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، سندھ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام، ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان

    کراچی(بولونیوز)ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی صوبہ ہونے اور گندم کی بمپر فصل کے باوجود آٹے کا مہنگا ہونا حکومتی نااہلی اور ذخیرہ اندوزوں کی سرپرستی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پرائس کنٹرول کا نظام عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہا ہے۔

    انصاف لائرز فورم کراچی ڈویژن کے سینئر رہنما ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان کا کہنا تھا کہ کراچی میں آٹا 170 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ روٹی، نان اور دیگر آٹے سے تیار شدہ اشیائے خورونوش بھی مہنگی ہو گئی ہیں، جس کا براہِ راست بوجھ عام شہری پر پڑ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیراعلیٰ سندھ آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس پر اجلاس کر رہے ہیں، مگر دوسری جانب عملی طور پر کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ شہری بدستور مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

    ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے “روٹی، کپڑا اور مکان” کا نعرہ لگایا تھا، مگر آج عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھن چکی ہے۔ ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث مہنگائی اور بدحالی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور شہری سستی بنیادی اشیائے خورونوش کو ترس رہے ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے، گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت کا خاتمہ کیا جائے، پرائس کنٹرول نظام کو مؤثر بنایا جائے اور شہریوں کو فوری طور پر سستا اور معیاری آٹا فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو مہنگائی کے اس طوفان سے حقیقی ریلیف مل سکے۔

  • تیل کی قیمت میں 26 سالوں کی سب سے بڑی کمی، ایشیائی ممالک کے لیے آرامکو کا بڑا اعلان

    ریاض/سنگاپور(بولونیوز)عالمی توانائی منڈی میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں تیل کی قیمت میں 26 سالوں کی سب سے بڑی کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی سعودی آرامکو نے ایشیائی ممالک کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    آرامکو کی جانب سے لائٹ خام تیل کی قیمت اگلے ماہ اگست کے لیے 11 ڈالر فی بیرل کم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایشیائی صارفین کے لیے خام تیل کے مختلف گریڈز کی قیمتوں میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔

    ماہرین کے مطابق یہ کمی عالمی منڈی میں طلب میں کمی اور علاقائی مسابقت کے پیشِ نظر کی گئی ہے، جس سے ایشیائی ممالک کو تیل کی درآمد پر نمایاں ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ توانائی کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے اثرات عالمی تیل منڈی اور علاقائی معیشتوں پر واضح طور پر محسوس کیے جائیں گے۔

  • زیارت میں دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن کامیاب، 15 دہشت گرد ہلاک

    زیارت(بولونیوز)بلوچستان کے ضلع زیارت میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، جس کے دوران 15 دہشت گرد مارے گئے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بتایا کہ دہشت گردوں کو بلوچستان کے امن سے کھیلنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے اور ریاست پوری قوت کے ساتھ جواب دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔

    شاہد رند کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں اور ہر حملے کا بھرپور، مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ زیارت میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خون کا حساب لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔