مظفرآباد میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کی مشترکہ کارروائی، پانچ مشتبہ افراد گرفتار
مظفرآباد(بولونیوز) انٹر سروسز انٹیلی جنس اور ملٹری انٹیلی جنس نے مظفرآباد کے علاقے چہلہ میں مشترکہ ہدفی کارروائی کرتے ہوئے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں ڈیجیٹل آلات سے حساس نوعیت کے مواد اور مشکوک روابط سامنے آئے ہیں۔
دورانِ تفتیش ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اسلحے کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا، جس میں سات خودکار ہتھیار، متعدد دستی بم (گرینیڈ) اور دیگر جنگی سازوسامان شامل ہے۔ سکیورٹی اداروں کے مطابق حساس تنصیبات کے نقشے اور مبینہ حملوں کے منصوبے بھی برآمد ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے حساس مقامات سے متعلق اہم دستاویزات اور ریکارڈ بھی حاصل ہوا ہے، جبکہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مبینہ رابطوں کے شواہد کو بھی تحقیقات کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
برآمد شدہ موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر مواد کا فرانزک اور تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔ تفتیشی ادارے ممکنہ سہولت کاروں، مالی معاونت کے ذرائع اور کسی وسیع نیٹ ورک کی موجودگی کی بھی چھان بین کر رہے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بروقت کارروائی کے ذریعے حساس تنصیبات اور عوامی سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ ریاستی سلامتی، عوامی نظم و ضبط اور قومی مفادات کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔ واقعے سے متعلق تحقیقات ہر پہلو سے جاری ہیں۔


