محمد مجتبیٰ حیدر نے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا
اسلام آباد (بولونیوز)پاکستان کے باصلاحیت باکسر محمد مجتبیٰ حیدر نے سری لنکا میں منعقدہ ایشین گیمز 2026 کے باکسنگ مقابلوں میں 70 کلوگرام کیٹیگری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ اس شاندار فتح کے ساتھ انہوں نے یو ایف بی بیلٹ بھی جیت لی، جس کے ذریعے پاکستان کے لیے ایک اور بڑا اعزاز حاصل ہوا اور عالمی سطح پر قومی پرچم سربلند ہوا۔
وطن واپسی پر محمد مجتبیٰ حیدر کا ایئرپورٹ پر فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ کھیلوں کے شائقین، نوجوانوں اور مختلف سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ قومی ہیرو پر پھول نچھاور کیے گئے اور فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
محمد مجتبیٰ حیدر کی یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت، عزم اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستانی نوجوان کسی بھی میدان میں دنیا کا مقابلہ کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی ہیرو کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی انعام اور قومی اعزاز کا اعلان کیا جائے، تاکہ دیگر نوجوان کھلاڑی بھی کھیلوں کے میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لیے مزید محنت اور جدوجہد کریں۔
محمد مجتبیٰ حیدر کی فتح پوری قوم کے لیے باعثِ مسرت اور فخر ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہ آئندہ بھی بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرتے رہیں گے۔


