محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات، فوج اور رینجرز کے دستے طلب
لاہور(بولونیوز)محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور پاکستان رینجرز کی خدمات طلب کرنے کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ درخواست پنجاب پولیس کی سفارش پر کی گئی ہے تاکہ محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مؤثر معاونت فراہم کی جا سکے۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب کے مجموعی طور پر 39 اضلاع میں فوج اور رینجرز کی 137 کمپنیوں کی خدمات درکار ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پاک فوج کی 61 جبکہ رینجرز کی 76 کمپنیاں تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ یہ دستے مختلف اضلاع کی سکیورٹی ضروریات کے مطابق یکم سے 11 محرم الحرام تک فرائض انجام دیں گے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کے دستے حساس علاقوں، مجالس، جلوسوں اور دیگر اہم مقامات پر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور سکیورٹی اداروں کے درمیان مکمل رابطہ اور تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔


