ہائی الرٹ کے پیشِ نظر کے ڈی اے میں عوامی سہولت اور داخلے کے اوقات میں اہم تبدیلیاں

کراچی(بولونیوز)شہر میں جاری ہائی الرٹ صورتحال کے پیشِ نظر ادارہ ترقیات کراچی (KDA) نے عوامی سہولت اور سیکیورٹی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق، پبلک ڈیلنگ کے اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ عوامی شکایات اور فائلوں کی جانچ پڑتال صرف گراؤنڈ فلور کاؤنٹرز، سوک سینٹر کمپلیکس اور گلشنِ اقبال میں کی جائیں گی۔ دوپہر 1 بجے کے بعد کسی بھی عوامی ڈیلنگ یا داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اور سوک سینٹر کمپلیکس کے عام داخلی راستے بند رہیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے چیف سیکیورٹی آفیسر میجر (ر) عمران محمد خان کو ہدایات جاری کیں کہ گاڑیوں اور عملے کی چیکنگ کے ساتھ عوام کے داخلے کو سیکیورٹی پروٹوکول کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ سوک سینٹر کمپلیکس میں داخلہ صرف مقررہ واک تھرو گیٹس کے ذریعے ممکن ہوگا، جبکہ دو مرکزی داخلی دروازے کھلے رکھے جائیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر یا اہلکار کے خلاف سندھ سول سرونٹس رولز 1973 اور دیگر قوانین کے تحت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

ادارہ ترقیات کراچی نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ ہائی الرٹ صورتحال میں امن و امان اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *