ٹرمپ کی ایران میں رجیم چینج کی کوششیں تیسری عالمی جنگ کا سبب بن سکتی ہیں

روس(بولونیوز) سیکیورٹی کونسل کے نائب چیئرمین دمتری میدویدیف نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں حکومت کی تبدیلی (رجیم چینج) کی کوششیں جاری رکھیں تو دنیا تیسری عالمی جنگ کی جانب بڑھ سکتی ہے۔

اپنے بیان میں دمتری میدویدیف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے ایران پر حملہ کر کے ایک سنگین اسٹریٹجک غلطی کی ہے۔ ان کے مطابق ایران کی اعلیٰ قیادت کے خلاف کارروائیوں کے بعد صورتحال مزید خطرناک ہو چکی ہے اور خطے میں عدم استحکام بڑھنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایران جوہری ہتھیاروں کے حصول کی کوششیں پہلے سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ جاری رکھ سکتا ہے، جو عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ثابت ہوگا۔

میدویدیف نے مزید کہا کہ یہ حقیقت کہ ایرانی قیادت نے تاحال انتہائی سخت ردِعمل نہیں دیا، اس بات کی علامت نہیں کہ خطرہ ٹل گیا ہے، بلکہ ایران مناسب وقت اور موقع کا انتظار کر رہا ہے۔

سابق روسی صدر کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے حالیہ فیصلوں نے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ خود امریکی عوام کو بھی ممکنہ خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران میں رجیم چینج کی کسی بھی کوشش کے نتائج عالمی سطح پر تباہ کن ہو سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *