اسٹیل ٹاؤن کی رشین مارکیٹ میں آوارہ کتوں نے ڈکیتی ناکام بنا دی
کراچی(بولونیوز)اسٹیل ٹاؤن کی رشین مارکیٹ میں آوارہ کتوں کی ہوشیاری نے مبینہ ڈکیتی کی بڑی واردات ناکام بنا دی اور مسلح افراد کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔
دو روز قبل رشین مارکیٹ میں واقع “بسم اللہ جنرل اسٹور” پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد پہنچے اور کیش کاؤنٹر تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔ دکان مالک کے مطابق ملزمان نے کھلی رقم لینے کا بہانہ کیا اور کاؤنٹر کے قریب آنے کی کوشش کی۔
اسی دوران وہاں موجود چار آوارہ کتوں نے مشکوک افراد کو دیکھتے ہی بھونکنا شروع کر دیا اور دکان کے داخلی راستے پر کھڑے ہو کر مزاحمت کی۔ کتوں کے شدید ردعمل اور مسلسل بھونکنے سے ملزمان خوفزدہ ہو گئے اور دکان کے اندر داخل نہ ہو سکے۔
دکان مالک نے بتایا کہ جب وہ باہر آیا تو کتے اس کے اردگرد حفاظتی انداز میں کھڑے تھے، جس سے ملزمان مزید خوفزدہ ہو کر موقع سے فرار ہو گئے۔ مالک کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر کتوں کی چوکسیت کا سبب یہ بھی تھا کہ ملزمان علاقے کے رہائشی معلوم نہیں ہو رہے تھے۔
واقعے کے بعد علاقے میں آوارہ کتوں کی وفاداری اور ہوشیاری کو سراہا جا رہا ہے، اور مقامی شہریوں نے ان کتوں کی تعریف کی ہے کہ انہوں نے دکان اور مالکان کو ممکنہ نقصان سے بچایا۔


