گرین لائن بس سروس سندھ حکومت کے کنٹرول میں، عوام کو مشکلات کا سامنا
کراچی(بولونیوز)وفاقی حکومت کے زیر انتظام شروع کی گئی گرین لائن بس سروس جب سے سندھ حکومت کے سپرد کی گئی ہے، مسلسل بے قاعدگیوں کا شکار ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عبداللہ موڑ اسٹاپ پر بس کارڈ اسکین کی مشینیں کئی ماہ سے خراب ہیں، جس کی وجہ سے اسکول اور کالج جانے والے طلبہ و طالبات کو اضافی کرایہ ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ والدین پر بھی اضافی بوجھ پڑا ہے اور طلبہ کو ٹکٹ لینے کے لیے لمبی قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔
عوام کے رابطے کے باوجود گرین لائن انتظامیہ کی جانب سے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا جا رہا، صرف یہ بتایا جاتا ہے کہ سندھ حکومت کو درخواست دی گئی ہے لیکن کب کام شروع ہوگا، کچھ معلوم نہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب تک یہ نظام وفاق کے کنٹرول میں تھا، بس سروس بہتر اور باقاعدہ تھی، لیکن سندھ حکومت کے کنٹرول میں آنے کے بعد لاپرواہی معمول بن گئی ہے اور انتظامیہ سے شکایات کرنے کے باوجود عوامی تکرار روزمرہ کا معمول بن گئی ہے۔


