یومِ یکجہتی کشمیر پر افواجِ پاکستان کا کشمیری عوام سے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
راولپنڈی(بولونیوز)یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم)، ایچ جے، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف، این آئی، این آئی (ایم)، ٹی بی ٹی، چیف آف دی نیول اسٹاف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، این آئی (ایم)، ایچ جے، چیف آف ائیر اسٹاف نے افواجِ پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
افواجِ پاکستان نے اپنے بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے، جن میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، من مانی گرفتاریاں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کے تحت خطے کی آبادی اور سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پُرامن حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ افواجِ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی تکالیف کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور بامعنی اقدامات کرے۔
افواجِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ آزادی، وقار اور بنیادی حقوق کی جدوجہد میں غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار جاری رکھیں گی۔


