’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ وہ بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہے، وزیراعظم

مظفرآباد(بولونیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ببانگ دہل کہا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان وہ بھارت کا حصہ کبھی تھا اور نہ ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ببانگ دہل کہا ہے کہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا اور نہ اب ہے۔ کشمیر بنے گا پاکستان۔ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور یہی ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو دی گئی شکست ان کی نسلیں بھی نہیں بھولیں گی۔ معرکہ حق میں شاندار فتح سے کشمیر کا مسئلہ ایک بار پھر پوری دنیا میں اجاگر ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عسکری محاذ کے ساتھ خارجہ محاذ پر بھی پاکستان نے زبردست کامیابیاں حاصل کیں اور دونوں میدانوں محاذوں پر بھارتی جھوٹ کا بیانیہ دفن ہو گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے۔ اس کے جارحانہ، توسیع اور تسلط پسندانہ عزائم ترک کرنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن یہ امن برابری کی سطح پر ہی قائم ہو سکتا ہے۔ بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسی زبان میں جواب دیں گے۔ ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کرینگے، جو معرکہ حق میں بھارتی طیاروں کا ہوا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیریوں کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔ پاکستان نےاہم اسلامی ممالک کیساتھ مل کر غزہ میں قیام امن کیلئے عملی اقدامات کیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جدوجہد آزادی کشمیر کے ہر قائد اور شہری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیری اپنی آزادی قربان کرنے کیلیے تیار نہیں اور وہ دنیا کو سچائی کا آئینہ دکھا رہے ہیں۔ وہ اپنے بچے تک قربان کر سکتے ہیں، مگر حق آزادی سے دستبردار نہیں ہو سکتے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے لیے کئی ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز کا اعلان کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *