وزیر تعلیم سندھ نے امتحانی فیس وصولی کی شکایات کا نوٹس لے لیا

کراچی(بولونیوز) وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے صوبے میں بعض تعلیمی بورڈز کی جانب سے طلبہ سے غیر قانونی طور پر امتحانی فیس یا آئی ٹی چارجز وصول کرنے کی شکایات پر فوری نوٹس لے لیا ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ سندھ میں تعلیم مفت ہے اور فیس وصولی یا کسی بھی قسم کے اضافی چارجز کی اجازت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم کو بنیادی حق کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور داخلہ سے لے کر امتحان تک تمام مراحل پر فیس ختم ہو چکی ہے۔

سید سردار علی شاہ نے سیکریٹری کالجز کو ہدایت دی ہے کہ وہ سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سے رابطہ کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ بورڈز کی جانب سے کسی بھی قسم کی فیس وصول نہ کی جائے۔

مزید برآں، کالجز کے پرنسپلز کو بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ طلبہ و طالبات سے کسی بھی قسم کی فیس نہ لیں اور اس ہدایت پر مکمل عمل درآمد کروائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *