عارف والا میں یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا
عارف والا(بولونیوز)ملک بھر کی طرح تحصیل عارف والا میں بھی آج 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے سرکاری سطح پر ایک ریلی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عارف والا رائے فیصل عمران اور ڈی ایس پی ملک اکبر علی نے کی۔ ریلی میں سابق چیئرمین بلدیہ سید محمد ہادی زیدی، صدر پی ایم اے ڈاکٹر سعید احمد شیخ، سابق صدر بار شیخ محمد ابرار ایڈووکیٹ، میونسپل کمیٹی اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران، اساتذہ، اسکولوں کے طلبہ، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی میونسپل کمیٹی آفس سے شروع ہو کر جناح چوک تک پہنچی، جہاں شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان اور کشمیری مسلمانوں کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔


