بلوچستان سے اندرونِ ملک ٹرین سروس کی معطلی، ریلوے کو 30 لاکھ روپے سے زائد نقصان
بلوچستان(بولونیوز)اندرونِ ملک اور چمن کے لیے ٹرین سروس کی معطلی کے باعث محکمۂ ریلوے کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ ریلویز نے آج بھی کوئٹہ سے اندرونِ ملک اور چمن کے لیے ٹرین سروس معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے کوئٹہ آنے اور جانے والی بولان میل کو بھی 12 فروری تک معطل رکھا جائے گا۔ ٹرین سروس کی طویل بندش کے باعث اب تک محکمۂ ریلوے کو 30 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کو بلوچستان سے ملانے والی ڈی آئی خان ـ لورالائی قومی شاہراہ اور کوئٹہ سے تفتان جانے والی قومی شاہراہ بھی گزشتہ پانچ روز سے بند ہیں، جس کے باعث مسافروں اور تجارتی سرگرمیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال معمول پر آنے کے بعد ٹرانسپورٹ بحال کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔


