پولیس نظام میں نوآبادیاتی طرزِ تحریر کا خاتمہ، سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

اسلام آباد(بولونیوز)سپریم کورٹ نے پولیس نظام میں انگریز دور کے نوآبادیاتی طرزِ تحریر کو مسترد کرتے ہوئے درخواستوں اور ایف آئی آر میں ایس ایچ او کے لیے ’’بخدمت جناب‘‘ لکھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق آئندہ ایف آئی آر میں تھانیدار کے لیے ’’بخدمت جناب‘‘ کے القاب استعمال نہیں کیے جائیں گے بلکہ صرف ’’جناب ایس ایچ او‘‘ لکھا جائے گا۔ عدالت نے واضح کیا کہ تھانیدار عوام کا خادم ہے، عوام اس کے نوکر نہیں، اس لیے پولیس نظام میں غلامانہ زبان کا خاتمہ ضروری ہے۔

عدالت نے ایف آئی آر درج کروانے والے شہری کے لیے ’’فریادی‘‘ کا لفظ استعمال کرنے پر بھی سختی سے پابندی لگا دی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’’فریادی‘‘ کا لفظ رحم مانگنے کا تاثر دیتا ہے، جبکہ شہری حق کے حصول کے لیے پولیس سے رجوع کرتا ہے۔ اس کے بجائے ایف آئی آر درج کروانے والے کو ’’اطلاع دہندہ‘‘ قرار دیا جائے گا، جبکہ ’’کمپلیننٹ‘‘ کی اصطلاح صرف نجی فوجداری شکایت تک محدود رہے گی۔

سپریم کورٹ نے جرم کی اطلاع ملنے کے بعد ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے پولیس کو سخت وارننگ جاری کی ہے۔ عدالت کے مطابق ایف آئی آر میں تاخیر سے شواہد ضائع ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، اور اگر پولیس بلاجواز تاخیر کرے تو پینل کوڈ کے تحت اس کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو سکتا ہے۔

یہ اہم فیصلہ جسٹس صلاح الدین پنہور نے تحریر کیا، جس میں ٹنڈو غلام علی میں قتل کیس کے مجرم کی سزا کے خلاف اپیل کو بھی مسترد کر دیا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ پولیس نظام میں اصلاحات اور عوام دوست رویے کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *