گیمبر قادرآباد میں آٹے کی قیمتیں بے قابو، غریب اور متوسط طبقہ شدید متاثر

ساہیوال(بولونیوز)ساہیوال شہر کے علاقے گیمبر قادرآباد میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی آٹے کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں آٹا من مانے داموں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی محض کاغذی کارروائیوں تک محدود دکھائی دیتی ہے۔ مہنگائی کے اس بے رحم طوفان نے مزدور، دیہاڑی دار اور سفید پوش خاندانوں کو شدید معاشی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے، جو روزمرہ ضروریات پوری کرنے سے قاصر نظر آتے ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، جبکہ ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور کھلے عام عوام کو لوٹ رہے ہیں اور انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔

عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے، آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے، سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور ذخیرہ اندوزوں و ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *