ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: بنگلا دیش، آئی سی سی تنازع پر سری لنکا کا مؤقف سامنے آ گیا

کولمبو(بولونیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء سے متعلق بنگلا دیش اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے درمیان جاری تنازع پر شریک میزبان سری لنکا نے خاموشی توڑ دی ہے۔ سری لنکن حکام نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ علاقائی سیاسی کشیدگی سے دور رہتے ہوئے صرف ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کے حوالے سے بنگلا دیش اور آئی سی سی کے درمیان اختلافات تقریباً تین ہفتوں تک جاری رہے۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت میں شیڈول اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔

بنگلا دیش ٹیم کو ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں کولکتہ اور ممبئی میں چار میچز کھیلنے تھے، تاہم سیکیورٹی صورتحال پر تحفظات کے باعث مقام کی تبدیلی کا مطالبہ سامنے آیا۔ اس معاملے پر آئی سی سی اور میزبان ممالک کے درمیان مشاورت جاری رہی۔

سری لنکا کرکٹ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں اور کسی بھی سیاسی یا علاقائی تنازع میں فریق بننے کے بجائے ٹورنامنٹ کے منصفانہ اور پُرامن انعقاد کو ترجیح دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *