حیسکو کا بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

حیدرآباد(بولونیوز)حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) نے بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو فیض اللہ ڈاہری کے احکامات اور ایس ای سرکل حیدرآباد سہیل احمد شیخ کی خصوصی ہدایات پر مختلف علاقوں میں ہنگامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سٹیزن کالونی سب ڈویژن میں ایس ڈی او آپریشن آفتاب دہانی کی نگرانی میں حیسکو اور ڈی ایس یو (DSU) ٹیم نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران بجلی چوری میں استعمال ہونے والے غیر قانونی کنڈے ہٹا دیے گئے جبکہ موقع پر بجلی چوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔

اس کے علاوہ نادہندگان کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کرتے ہوئے واجبات کی عدم ادائیگی پر متعدد بجلی کنکشنز منقطع کر دیے گئے۔ حیسکو حکام کے مطابق بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجلی چوری ایک سنگین جرم ہے جو ایماندار صارفین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک اس طرح کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *