جماعت اسلامی کے امیر منعم ظفر کی سانحہ گل پلازہ اور عوامی مارچ سے متعلق سرگرمیاں

کراچی(بولونیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ گل پلازہ کا المناک واقعہ حکومتی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جہاں لوگ اپنے پیاروں کو جلتا دیکھتے رہے اور اب کئی خاندان اپنے عزیزوں کی باقیات کے منتظر ہیں۔

بعد ازاں منعم ظفر نے اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور یکم فروری کو شاہراہِ فیصل پر ہونے والے “جینے دو کراچی مارچ” کے سلسلے میں عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے 18 سالہ دورِ اقتدار میں کراچی کھنڈر بن چکا ہے، سڑکوں کی بدحالی، پانی و بجلی کی قلت، گٹروں میں گر کر بچوں کی اموات اور خونی ڈمپروں کے حادثات نے شہریوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔

منعم ظفر نے مزید کہا کہ اورنگی ٹاؤن کے عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں جبکہ میئر کے اقدامات محض بیانات تک محدود ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یکم فروری کا مارچ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ ہر شہری کا ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حق، تحفظ اور عزت کے لیے اس تاریخی مارچ میں بھرپور شرکت کریں۔

دورے کے دوران اہل علاقہ نے منعم ظفر کا شاندار استقبال کیا اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *