گھریلو جھگڑے کے دوران بھابھی نے نند کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا
کراچی(بولونیوز)لانڈھی میں گھریلو جھگڑے کے دوران بھابھی نے اپنی نند کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ واقعہ 6 نمبر سیکٹر، 36 سی شیر آباد، گلی نمبر ایک میں پیش آیا۔
ایس ایچ او عوامی کالونی عامر ملک کے مطابق 30 سالہ افشاں زخمی ہوئی اور اسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھابھی نے اپنے شوہر کے لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کی، جس سے افشاں کی ٹانگ زخمی ہوئی۔
ملزمہ موقع سے فرار ہو گئی جبکہ پولیس نے اس کے شوہر کو حراست میں لے کر اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ ملزمہ کی تلاش جاری ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔


