لیہ روڈ پر ٹریلر کی ٹکر، بہن بھائی سمیت 5 طالب علم جاں بحق
کوٹ ادو(بولونیوز)کوٹ ادو میں لیہ روڈ پر تیز رفتار ٹریلر کی دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر کے نتیجے میں بہن بھائی سمیت پانچ طالب علم جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پانچ طالب علم دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر اسکول جا رہے تھے کہ تیز رفتار ٹریلر نے انہیں کچل دیا۔ حادثے کے نتیجے میں تمام طالب علم موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر دو بھائی سوار تھے جبکہ دوسری موٹر سائیکل پر بہن، بھائی اور ایک کزن موجود تھا۔ جاں بحق ہونے والے طالب علموں کی عمریں 10 سے 16 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔
حادثے کی شدت کے باعث علاقے میں کہرام مچ گیا، جبکہ طلبہ کے اہل خانہ اور مقامی رہائشی گہرے صدمے سے دوچار ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ٹریلر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جبکہ پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔


