عمرکوٹ میں نوجوان کے بہیمانہ قتل کا معمہ حل، مرکزی ملزم گرفتار

عمرکوٹ(بولونیوز)سندھ کے شہر عمرکوٹ میں نوجوان کا گلا کاٹ کر قتل کرنے کے افسوسناک واقعے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 25 جنوری 2026 کو عمرکوٹ شہر کے علاقے موتی چوک کے قریب 25 سالہ نوجوان محمد اسماعیل ولد جمال الدین، سکنہ گاؤں اَکلو سمیجا، کو گلا کٹی ہوئی حالت میں شدید زخمی پایا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی نوجوان کو فوری طور پر سول اسپتال عمرکوٹ منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعے کے بعد مقتول کے والد کی مدعیت میں پولیس اسٹیشن عمرکوٹ سٹی میں مقدمہ نمبر 18/2026 بجرم دفعات 302 اور 34 پاکستان پینل کوڈ کے تحت درج کیا گیا۔

ایس ایس پی عمرکوٹ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری، مؤثر قانونی کارروائی اور شفاف تفتیش کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ان احکامات کی روشنی میں پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تفتیشی تقاضوں کو بروئے کار لاتے ہوئے محض دو روز میں کیس کو ٹریس کر کے مرکزی ملزم الھداد سمیجو کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی عمرکوٹ نے پولیس ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے عمرکوٹ پولیس ہمہ وقت الرٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *