بھارت میں نِپاہ وائرس، سندھ حکومت نے ایڈوائزری جاری کر دی
بھارت(بولونیوز)نِپاہ وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے عوام اور طبی اداروں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ نِپاہ وائرس ایک جان لیوا زونوٹک بیماری ہے جو جانوروں سے انسان اور انسانوں میں انسانوں کو منتقل ہو سکتی ہے۔ تاہم، پاکستان میں اب تک نِپاہ وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے مطابق وائرس کی ابتدائی علامات میں بخار، سر درد، کھانسی، جسم میں درد اور الٹی شامل ہیں۔ طبی ماہرین نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ نئے وائرس سے بچاؤ کے لیے کئی گھنٹوں کے لیے رکھے گئے یا کٹے ہوئے پھل اور سبزیاں استعمال نہ کریں اور کھانے پینے کی اشیا صاف ستھری اور محفوظ طریقے سے استعمال کریں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ نِپاہ وائرس شدید سانس کی بیماری اور دماغی سوزش (Encephalitis) کا سبب بن سکتا ہے۔ سندھ حکومت نے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں کو الرٹ رہنے اور وفاقی وزارت صحت کی گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام نے کہا کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور احتیاطی اقدامات لازمی ہیں۔


