امریکی صدر ٹرمپ کی ایران کو شدید دھمکی، کہا نتائج ماضی سے زیادہ تباہ کن ہو سکتے ہیں
واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران مذاکرات نہ کرے اور معاہدے پر راضی نہ ہو تو نتائج ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ تباہ کن ہو سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایران کے پاس وقت ختم ہو رہا ہے اور اسے جلد مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔ امریکی صدر نے زور دیا کہ ایران منصفانہ اور مساوی معاہدے پر بات کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک بڑا جنگی لشکر ایران کی جانب روانہ ہو رہا ہے، جس کی قیادت ابراہیم لنکن بحری بیڑے کے ہاتھ میں ہے، اور ایسا ہی لشکر پہلے وینزویلا کی جانب بھی بھیجا گیا تھا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے، اور جوہری ہتھیاروں کے بغیر ایران تمام فریقوں کے لیے بہتر ہوگا۔ ضرورت پڑنے پر بحری بیڑا اپنے مشن کو تیز رفتاری سے مکمل کرے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کو پہلے بھی کہا گیا تھا کہ ڈیل کر لے، اور ڈیل نہ کرنے پر آپریشن “مڈ نائٹ ہیمر” کا سامنا کرنا پڑا، جو ایران کے لیے بڑی تباہی ثابت ہوا۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ایران پر اگلا حملہ اس سے بھی بدتر ہوگا۔


