وادی تیراہ آپریشن پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا سخت ردعمل
خیبرپختونخوا(بولونیوز)وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے وادی تیراہ میں جاری فوجی آپریشن کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برف باری کے شدید موسم میں لوگوں کو اپنے گھر بار خالی کرنے پر مجبور کیا گیا، جس کے نتیجے میں نہ صرف شہری متاثر ہوئے بلکہ علاقے میں جانور بھی زندہ نہیں رہ سکتے۔
وزیراعلیٰ نے بیان میں کہا کہ وادی تیراہ پر سخت ترین حالات مسلط کیے گئے ہیں اور اس اقدام سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پختون قوم نے کمیٹی ممبران سے اتفاق نہیں کیا لیکن انہیں زبردستی آپریشن کے تحت نقل مکانی پر مجبور کیا گیا۔
سہیل آفریدی نے الزام لگایا کہ عمران خان کی منتخب حکومت کو رجیم چینج آپریشن کے ذریعے ہٹایا گیا اور دہشت گرد دوبارہ آباد ہونے لگے تو خیبر، ہزارہ، ملاکنڈ، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں جرگے اور امن پاسون منعقد کیے گئے تاکہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پختون قوم کے مفادات کا سودا کیا جا رہا ہے اور ناجائز اقدامات کے ذریعے دوبارہ دہشت گردی مسلط کی جا رہی ہے، جبکہ پی ڈی ایم کی سابقہ حکومت نے اس وقت ان الزامات کو جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیا تھا۔


