حب ریزروائر کی صفائی اور بہتری کے اقدامات شروع، 40 سال بعد عملی پیش رفت

کراچی(بولونیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے احکامات پر حب ریزروائر کی صفائی اور بہتری کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو گزشتہ چالیس برس کے بعد کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں میئر کراچی نے سی ای او اور سی او او واٹر کارپوریشن کے ہمراہ حب ریزروائر کا دورہ کیا اور شہر کو پانی کی فراہمی سے متعلق اہم انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں واٹر کارپوریشن کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں حب ڈیم مکمل طور پر بھر چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حب ڈیم پر نئی کینال تعمیر کر لی گئی ہے جبکہ پرانی کینال کی بہتری اور مرمت کے لیے بھی عملی اقدامات جاری ہیں۔

میئر کراچی کے مطابق حب ڈیم میں اس وقت اتنی گنجائش موجود ہے کہ شہر کو یومیہ 100 ملین گیلن پانی کے حساب سے آئندہ تین سال تک پانی فراہم کیا جا سکتا ہے، جبکہ پرانی کینال کی مکمل مرمت کے بعد یومیہ 200 ملین گیلن پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئی کینال کا تعمیراتی کام آٹھ ماہ میں مکمل کیا گیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حب ریزروائر کی صفائی اور بہتری کا کام، جو پندرہ ملین گیلن یومیہ صلاحیت پر مشتمل ہے، رمضان المبارک سے قبل مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو پانی کی بہتر اور بلا تعطل فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *