چین اور یورپ حریف نہیں، شراکت دار ہیں، چینی صدر

بیجنگ(بولونیوز)چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ چین اور یورپ ایک دوسرے کے حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہیں۔چینی صدر شی جن پنگ نے یہ بات چین کا دورہ کرنے والے فن لینڈ کے وزیرِ اعظم پیٹّری اورپو سے ملاقات کے دوران کہی۔اُنہوں نے کہا کہ چین اور یورپ کے درمیان تعاون، مسابقت پر بھاری ہے اور ان کے مشترکہ مفادات اختلافات سے کہیں زیادہ ہیں۔

چینی صدر نے کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ فن لینڈ چین۔یورپ تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔اُن کا کہنا تھا کہ چین اور فن لینڈ کو توانائی کی منتقلی، سرکلر اکانومی، زراعت اور جنگلاتی صنعتوں نیز سائنسی اور تکنیکی جدت جیسے شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کرنا چاہیے۔

انہوں نے فن لینڈ کی کمپنیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں وسیع چینی منڈی میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ اپنی عالمی مسابقت کو مزید مضبوط بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ چین فن لینڈ کے ساتھ مل کر ایک منصفانہ اور منظم کثیر قطبی دنیا کے فروغ نیز ہمہ گیر فوائد پر مبنی اور جامع اقتصادی عالمگیریت کو آگے بڑھانے کے لئے بھی تیار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *