پنجاب میں بسنت سے قبل دفعہ 144 نافذ، پتنگ بازی سے متعلق سخت پابندیاں عائد

لاہور(بولونیوز)پنجاب حکومت نے بسنت کے موقع پر امنِ عامہ اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 کے تحت سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اس حوالے سے حکومتِ پنجاب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بسنت کے دوران اشتعال انگیزی، مذہبی و سیاسی تنازعات سے بچاؤ کے لیے مخصوص قسم کی پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسی پتنگیں جن پر مقدس کتب، مذہبی مقامات، کسی بھی شخصیت کی تصاویر، کسی ملک یا سیاسی جماعت کے جھنڈے یا مذہبی و سیاسی نقش و نگار موجود ہوں، ان کی تیاری، فروخت اور استعمال آئندہ 30 روز کے لیے ممنوع ہوگا۔

حکومتی نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ بسنت کے دوران صرف بغیر تصویر والی یک رنگی یا کثیر رنگی گُڈّا اور پتنگ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ خلافِ قانون پتنگوں کی تیاری، نقل و حمل، ذخیرہ، فروخت اور استعمال کو قابلِ تعزیر جرم قرار دیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا انتشار سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *