نجی اسکول کی طالبہ سے مبینہ زیادتی، پرنسپل اور اسکول مالک گرفتار

مظفرگڑھ(بولونیوز)ضلع مظفرگڑھ کے علاقے علی پور میں ایک نجی اسکول کی 18 سالہ طالبہ کے ساتھ مبینہ طور پر زبردستی جنسی زیادتی کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں اسکول کے پرنسپل اور مالک ملوث پائے گئے ہیں، جنہیں تھانہ صدر علی پور پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ طالبہ کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی کی گئی، جبکہ دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون کے مطابق شفاف اور منصفانہ کارروائی کی جائے اور ملزمان کو عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ متاثرہ لڑکی کو انصاف مل سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست اور اداروں کی ذمہ داری ہے، اور ایسے سنگین جرائم پر کسی قسم کی رعایت یا خاموشی قابلِ قبول نہیں۔ عوام نے میڈیا اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کیس کو سنجیدگی سے اجاگر کیا جائے اور انصاف کی فراہمی تک معاملے کی پیروی کی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *