شرجیل انعام میمن کا گل پلازا سانحے کے بعد سندھ حکومت کے اقدامات پر بیان

کراچی(بولونیوز)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے گل پلازا سانحے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کابینہ کا اجلاس سانحہ گل پلازا کے بعد پہلا اجلاس تھا، جس میں شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر کے لیے دعا کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے کا معاوضہ اور دکانداروں کو فوری کاروبار شروع کرنے کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے دینے اور متبادل جگہ فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تاجروں کے مالی نقصان کے تخمینہ اور ازالے کے لیے بھی سرگرم ہے اور متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا، جیسا کہ بولٹن مارکیٹ اور ٹمبر مارکیٹ کے سانحات میں اقدامات کیے گئے تھے۔

سینئر وزیر نے بتایا کہ کابینہ نے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں فیصلے اور کارروائیاں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ واقعے کے بعد آرام سے نہیں بیٹھے اور روزانہ اجلاس کے ذریعے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ فائر آڈٹ اور عمارات میں آتشزدگی سے بچاؤ کے لیے جائزے کا میکانزم بنایا جا رہا ہے۔ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، فائر آڈیٹرز اور ای سیز پر مشتمل کمیٹیاں صوبے بھر میں عمارات کا جائزہ لیں گی تاکہ شہریوں اور تاجروں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے منفی سیاست کرنے والوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ حافظ نعیم اور ان کی جماعت صرف منفی سیاست کر رہے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ احتجاج سب کا حق ہے لیکن غیر جمہوری اقدامات یا ہڑتال، دکانیں جلانے کی کوشش کی صورت میں حکومت عوام کے تحفظ کے لیے بھرپور کارروائی کرے گی۔

انہوں نے زور دیا کہ اس واقعے نے صرف کراچی یا سندھ ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی توجہ کھول دی ہے اور حکومت سندھ فعال اقدامات کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کو روکا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *