سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ پر افسوس کا اظہار، متاثرین کے لیے ریلیف پیکج کی منظوری
کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے اقدامات کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے سب کمیٹی قائم کی۔
سب کمیٹی میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور ضیاء الحسن لنجار شامل ہیں۔ یہ کمیٹی کمشنر کراچی کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لے گی اور اس کی روشنی میں مزید کارروائی اور لائحہ عمل طے کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سانحہ گل پلازہ کے شہداء کے اہل خانہ کو ایک ایک کروڑ روپے معاوضے کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔ متاثرہ دکانداروں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کچن اور یوٹیلیٹی اخراجات کے لیے کمشنر کے ذریعے ادا کیے جا رہے ہیں۔
کابینہ نے متاثرہ دکانداروں کو ایک ایک کروڑ روپے بلا سود قرضہ دینے کی بھی منظوری دی ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ حکومت سندھ واجب الادا سود کی ذمہ داری بھی اٹھائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام متاثرہ دکانداروں کو دو ماہ کے اندر کاروبار شروع کرنے کے لیے دکان کی سہولت فراہم کی جائے گی اور حکومت دکانداروں کے تحفظ اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔


