ڈی این اے سے مزید ایک لاش کی شناخت، جاں بحق افراد کی تعداد 73، ریسکیو آپریشن جاری

کراچی(بولونیوز)گل پلازہ کی آتشزدگی میں جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جس دوران ڈی این اے کے ذریعے مزید ایک لاش کی شناخت کی گئی ہے۔ اب تک شناخت شدہ لاشوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 73 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

انچارچ شناخت پروجیکٹ سی پی ایل سی، عامر حسن کے مطابق نئی شناخت عبدالحسیب نامی شخص کی ہوئی ہے۔ اب تک 16 لاشوں کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ہوئی ہے۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دو افراد کی انسانی باقیات بھی ملی تھیں۔

گل پلازہ میں آتشزدگی میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی نماز جنازہ دہلی کالونی عید گاہ گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں رشتے داروں کے ساتھ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، منعم ظفر، نجمی عالم اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ متاثرہ خاندان میں تاحال 2 افراد کی شناخت باقی ہے۔

اسی طرح شہید محمد شیث کی نماز جنازہ گارڈن کشتی والی مسجد میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

تحقیقات کے لیے لاہور سے تکنیکی ٹیم گل پلازہ پہنچی، جس میں فارنزک عملہ بھی شامل ہے۔ ٹیم نے متاثرہ عمارت کے مختلف مقامات کا جائزہ لیا اور مارکنگ کی، جہاں “H” کا نشان خطرے اور عمارت گرنے کے خدشے کی نشاندہی کرتا ہے۔

ریسکیو 1122 اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں تاحال ملبے میں موجود انسانی باقیات کی تلاش میں مصروف ہیں۔

یہ کارروائیاں سانحے کے متاثرین کے اہلخانہ کو انصاف اور نقصان کی تلافی کے لیے ضروری ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *