ٹیکنیکل ٹیم آج آخری بار عمارت میں داخل ہوگی، اس کے بعد پلازہ سیل کر دیا جائے گا
کراچی(بولونیوز)سانحہ گل پلازہ سے متعلق ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ پلازہ میں سرچ آپریشن تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے اور آج ٹیکنیکل ٹیم آخری بار عمارت کے اندر داخل ہوگی، جس کے بعد گل پلازہ کو باقاعدہ طور پر سیل کر دیا جائے گا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی جنوبی نے بتایا کہ اگر اب بھی کسی کا پیارا لاپتا ہے تو وہ ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک 79 لاپتا افراد میں سے 13 کے ورثا نے ڈی این اے سیمپل فراہم نہیں کیے، جبکہ 30 لاشوں کا مکمل ڈیٹا حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مالی ادائیگیاں کی جا سکیں۔
دوسری جانب ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کہا ہے کہ واقعے میں غفلت اور لاپرواہی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آگ لگنے کے بعد بھی دروازے کیوں نہیں کھولے گئے اور اس میں کون ذمہ دار ہے۔
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ میں مجموعی طور پر 73 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے اب تک 23 کی شناخت ہو چکی ہے، جبکہ باقی لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔


