ٹریفک پولیس پنجاب کی نئی یونیفارم کی حتمی منظوری
لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے سٹی ٹریفک پولیس پنجاب کی نئی یونیفارم کے ڈیزائن کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ نئی یونیفارم کا مقصد ٹریفک پولیس اہلکاروں کی شناخت کو مزید نمایاں بنانا اور موسم کے مطابق سہولت فراہم کرنا ہے۔
منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق فیلڈ اسٹاف کے لیے بلیو پینٹ کے ساتھ وائٹ شرٹ متعارف کروائی گئی ہے۔ گرمیوں کے موسم میں اہلکار وائٹ شرٹ اور بلیو پینٹ کے ساتھ ریفلیکٹنگ جیکٹ پہنیں گے، جبکہ سردیوں میں بلیو جرسی کے اوپر ریفلیکٹنگ جیکٹ استعمال کی جائے گی تاکہ اہلکاروں کی حفاظت اور نمایاں شناخت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسی طرح آفس اسٹاف کے لیے بلیو پینٹ کے ساتھ کوٹ پہننے کی منظوری دی گئی ہے، جو دفتری ماحول کے مطابق ایک باوقار اور پیشہ ورانہ انداز کی عکاسی کرے گا۔
حکام کے مطابق نئی یونیفارم جلد مرحلہ وار نافذ کی جائے گی، جس سے نہ صرف ٹریفک پولیس کی پیشہ ورانہ شناخت بہتر ہوگی بلکہ عوام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔


