وفاقی پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پاک فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ

اسلام آباد(بولو نیوز)وفاقی حکومت نے وفاقی پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس ضمن میں پاک فوج کے دو میجرز اور 16 ایس ایس جی کمانڈوز کی خدمات وفاقی پولیس کے حوالے کرنے کی درخواست کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کے افسران کو وفاقی پولیس کی خالی آسامیوں پر تعینات کیا جائے گا، جبکہ 10 ایس ایس جی کمانڈوز کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں تعینات کیا جائے گا۔ یہ کمانڈوز زیرِ تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) کو جدید اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کریں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد وفاقی پولیس کی استعداد کار کو مزید مؤثر بنانا، پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینا اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے تجربہ کار افسران اور کمانڈوز کی شمولیت سے وفاقی پولیس کی تربیت اور آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *