نجی سکول والدین پر مخصوص کتب و یونیفارم خریدنے کا دباؤ نہیں ڈال سکتے
لاہور(بولونیوز)پنجاب حکومت نے نجی تعلیمی اداروں کے لیے واضح کردیا ہے کہ وہ والدین کو کسی مخصوص دکان یا وینڈر سے کتب، یونیفارم یا دیگر تعلیمی اشیاء خریدنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔ اس فیصلے کو والدین اور تعلیمی ماہرین نے خوش آئند قرار دیا ہے۔
تاہم والدین نے کہا ہے کہ سکولوں کی مہنگی پرنٹڈ کاپیاں اور پرائیویٹ پبلشرز کی کتابوں پر بھی پابندی لگائی جائے، کیونکہ ایک چوتھی یا پانچویں جماعت کا تعلیمی سیٹ دس ہزار سے پچاس ہزار روپے تک قیمت میں آتا ہے، جو غریب خاندان کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔
والدین کا کہنا ہے کہ تعلیمی معیار کو متاثر کیے بغیر حکومت کو چاہیے کہ بچوں کی تعلیم کے لیے ضروری اشیاء سستی اور سب کے لیے دستیاب بنائی جائیں تاکہ تعلیم کا حصول ہر طبقے کے بچوں کے لیے ممکن ہو۔


