رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں دو خطرناک بھتہ خور ہلاک

کراچی(بولونیوز)پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے گارڈن میں بھتہ خوروں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو خطرناک ملزمان مارے گئے، جن کی شناخت محمد حسن عرف بیلچہ اور تنویر علی عرف تیتر کے نام سے ہوئی۔

ہلاک ملزمان کا تعلق بھتہ مافیا کے سرغنہ جمیل چھانگا اور زاہد لاڈلہ گروپ سے بتایا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں، خصوصاً سولجر بازار اور جمشید ٹاؤن میں کاروباری مراکز، دکانداروں، بلڈرز، زیر تعمیر منصوبوں اور ریسٹورنٹس سے بھتہ وصولی میں ملوث تھے۔

ملزمان بھتہ نہ دینے کی صورت میں فائرنگ کرنے، خوف و ہراس پھیلانے اور دھمکیاں دینے جیسے سنگین جرائم میں بھی ملوث رہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان اسٹریٹ کرائم کی 300 سے زائد وارداتوں میں بھی ملوث تھے اور عادی مجرم ہونے کے باعث متعدد مرتبہ گرفتار ہو کر جیل جا چکے تھے۔

رینجرز اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں بروقت اطلاع دیں۔ شہری قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دے سکتے ہیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *