مہنگائی میں کمی کے باوجود 12 اشیائے ضروریہ مہنگی، سالانہ شرح 4.18 فیصد تک پہنچ گئی
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی میں کمی کے باوجود 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 4.18 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھی، 11 اشیا کی قیمتیں سستی ہوئیں اور 28 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ قیمتوں میں نمایاں اضافہ درج ذیل رہا: ٹماٹر 9.83 فیصد، کیلا 3.66 فیصد، آٹا 2.27 فیصد۔ اس کے علاوہ چینی، انڈے اور جلانے والی لکڑی کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔
دوسری جانب کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی ہے، جیسے کہ چکن 16.68 فیصد، آلو 8.52 فیصد، پیاز 7.27 فیصد سستا ہوا۔ گھی، کوکنگ آئل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 22 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں صارفین کے لیے قیمتوں کا حساس اشاریہ 333.60 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جو پچھلے ہفتے میں 335.20 پوائنٹس اور گزشتہ سال 23 جنوری کو 320.21 پوائنٹس تھا۔


