صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم تعلیم پر طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد دی

اسلام آباد(بولونیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم تعلیم کے موقع پر پاکستان کے عوام، طلبہ، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف طالب علم ہی نہیں بلکہ مفکر، موجد اور ذمہ دار شہری بھی بننا ہوگا۔

صدر زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کا مستقبل براہِ راست نوجوان نسل سے جڑا ہے اور تعلیم نوجوانوں میں تجسس، صلاحیت اور کردار پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت مفت اور لازمی تعلیم کی ضمانت ہمارے اس بنیادی حق کے لیے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ہماری اجتماعی کوششیں آنے والی نسلوں کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی ضامن بنیں۔

اسی موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عالمی یوم تعلیم پر طلبہ، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دی اور نوجوانوں کو نظام تعلیم میں فعال شراکت دار بنانے، ڈیجیٹل مہارت اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے نوجوان معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں گے اور ایک مضبوط، ہنر مند اور باصلاحیت پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے تمام سے کہا کہ اس عزم کو دوہرا کریں کہ نوجوانوں کے تابناک مستقبل کو تعلیم اور ہنر و مہارت کے نظام کا محور بنایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *