لاہور کے تاجروں سے فراڈ کرنے والا مرکزی ملزم کراچی سے گرفتار
لاہور(بولونیوز)معروف تجارتی علاقے ہال روڈ کے تاجروں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والا مرکزی ملزم کراچی میں تاجروں نے پکڑ لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم صغیر نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ سولر پینلز کی خرید و فروخت کے نام پر مختلف تاجروں سے بھاری رقوم وصول کیں اور بعد ازاں غائب ہو گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف تھانہ قلعہ گجرسنگھ میں فراڈ کے چار مقدمات درج ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لاہور انویسٹی گیشن پولیس کی ایک ٹیم کراچی روانہ ہو گئی ہے تاکہ ملزم کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم صغیر کو لاہور منتقل کرنے کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


