شعبان المعظم کے پہلے جمعہ کے پیشِ نظر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ
لاہور(بولونیوز)شعبان المعظم کے پہلے نمازِ جمعہ کے موقع پر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت سکیورٹی انتظامات اور اہم شاہراؤں و حساس مقامات پر فول پروف اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق حساس مقامات پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ناکہ جات پر سو فیصد چیکنگ کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ کسی بھی مشکوک شخص یا گاڑی کو بغیر تلاشی داخل نہ ہونے دیا جائے۔
نمازِ جمعہ کے پیشِ نظر مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ سکیورٹی کے اعداد و شمار کے مطابق کیٹیگری اے کی 218، بی کی 776 اور سی کیٹیگری کی 4065 مساجد پر سکیورٹی کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف گشت اور پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی فیصل کامران نے کہا کہ سپروائزری افسران نمازِ جمعہ کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں گے اور سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران و جوان مکمل الرٹ رہیں۔ عبادت گاہوں کے اطراف گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو مناسب فاصلے پر پارک کروانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور پٹرولنگ یونٹس کو مساجد کے اطراف مسلسل گشت کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔


